Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا ایف اے ٹی ایف کو سیاست زدہ کر رہا ہے: پاکستانی دفتر خارجہ

پاکستان نے کہا ہے کہ انڈیا کے اعتراف کو ایف اے ٹی ایف حکام اور عالمی برادری کے نوٹس میں لائے گا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں رکھنے کی کوششوں کا انڈین وزیر کا اعترافی بیان انڈیا کے منفی کردار کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ موقف کا واضح ثبوت ہے۔‘
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اتوار کے روز کے بیان کے ردعمل میں آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ہماری (کوششوں کی) وجہ سے پاکستان اس وقت ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے۔‘
پیر کے روز وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان عالمی برادری کے سامنے ہمیشہ فیٹف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے اور انڈیا کی جانب سے اس کی کارروائیوں کو خراب کرنے کی نشاندہی کرتا رہا ہے۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق ’انڈیا کے تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنی تنگ نظری پر مبنی سیاسی سوچ کی وجہ سے ایک اہم تکنیکی فورم کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے جبکہ پاکستان پوری دیانت کے ساتھ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل کر رہا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان ماضی میں بھی انڈیا کے متنازع کردار کو آشکار کرتا رہا ہے اور اب کی بار بھی وہ انڈیا کے اس اعتراف کو ایف اے ٹی ایف حکام اور عالمی برادری کے نوٹس میں لائے گا۔‘
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان ایف اے ٹی ایف کی سیاست زدگی کے باوجود اپنے سی ایف ٹی سسٹم کو عالمی معیارات اور ضابطوں کے مطابق بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا  ہے۔‘

شیئر: