Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم کی صورتحال: بارش کا نیا سلسلہ بدھ سے اتوار تک جاری رہنے کا امکان

’ نجران جازان اور عسیر میں سیلاب آسکتا ہے(فوٹو اخبار 24) 
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’بدھ کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مملکت کے متعدد علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی‘۔
اخبار چوبیس کے مطابق بیان میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا کہ’ نجران جازان اور عسیر میں سیلاب آسکتا ہے۔ بارش کا سلسلہ باحہ کے پہاڑی علاقے تک پھیل سکتا ہے‘۔
قومی مرکز نے بتایا کہ ’بدھ کو شرقیہ، ریاض، قصیم اور مکہ مکرمہ کے بعض بالائی مقامات پر گرد آلو دتیز ہوائیں چلیں گی۔ گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کا سلسلہ مدینہ منورہ کے پہاڑی علاقوں تک پھیل جانے کا امکان ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ سب سے زیادہ درجہ حرارت حفرالباطن میں 47 سینٹی گریڈ اور سب سے کم السودہ میں 15 سینٹی گریڈ رہے گا‘۔
ایک اور بیان میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’مملکت کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ بدھ سے شروع ہوگا جو اتوار تک جاری رہے گا‘۔
’جمعرات اور جمعے کو تبوک کے جنوبی علاقوں اور حائل کی بیشتر کمشنریوں میں بارش کا امکان ہے‘۔

 

شیئر: