Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب میں رہا کیے جانے والے 85 پاکستانیوں میں سے 62 کو واپس لایا گیا‘

پاکستانی سفارت خانہ سعودی عرب کے دوسرے علاقوں میں بھی اسی طرح قید افراد کی وطن واپسی کے سلسلے میں کام کر رہا ہے۔ (فوٹو: اوورسیز فاؤنڈیشن)
پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سعودی عرب میں رہا کیے جانے والے 85 پاکستانیوں میں سے 62 کو پاکستان لایا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق ریاض میں پاکستان کا سفارت خانہ ریاخ ریجن میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے سعودی عرب سے مستقل رابطے میں رہا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی درخواست پر سعودی حکام کی ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے ریاض میں قید پاکستانیوں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا جس کے بعد 85 افراد کی سزاؤں کو معاف کردیا گیا۔
سفارت خانے کے پیش نظر یہ مقصد تھا کہ ان پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کو ممکن بنایا جا سکے جو معمولی جرائم کے تحت بیرون ملک اپنی سزا بھگت رہے ہیں۔
سزاؤں کی معافی کے بعد ، ریاض میں پاکستان کے سفارت خانے نے ان رہائی پانے والے افراد کے ایگزٹ ویزے کو جلد ممکن بنانے کے لیے متعلقہ سعودی حکام سے درخواست کی۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ’وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ، ہم نے اب تک مجموعی طور پر 85 میں سے 62 افراد کو وطن واپس بھیج دیا گیا ہے تاکہ وہ عید اپنے کنبے کے ساتھ پاکستان میں منائیں، باقی 23 افراد کو ان کے ایگزٹ ویزا کا عمل مکمل ہوتے ہی وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔
پاکستانی سفارت خانہ سعودی عرب کے دوسرے علاقوں میں بھی اسی طرح قید افراد کی وطن واپسی کے سلسلے میں کام کر رہا ہے۔
سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے پر ہم خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں۔

شیئر: