سعودی، مصری اور قطری وزرائے خارجہ کا رابطہ، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں پر تبادلہ خیال
وزرائے خارجہ نے مسلسل ہم آہنگی اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔ ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے منگل کو مصری ہم منصب ڈاکٹر بدر عبدالعطی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران حالیہ علاقائی صورتحال، خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور تنازعات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مسلسل ہم آہنگی اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔ کشیدگی میں کمی، مکالمے کو فروغ دینے، خطے کی سکیورٹی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششوں کی حمایت کی۔
مصری وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کی سکیورٹی کو لاحق کسی بھی خطرے کو مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا اور کہا کہ خلیجی ریاستوں کی سکیورٹی عرب قومی سلامتی کا لازمی جُز ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے رابطے میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کشیدگی کم کرنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر بات کی۔
وزرائے خارجہ نے ایسی سفارتی کوششوں کی سپورٹ کی اہمیت پر زور دیا جس کا مقصد ایسے جامع حل تک پہنچنا ہے جو آبی گزرگاہوں کی سکیورٹی اور جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کے ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کو بڑھانے میں معاون ہو۔
