Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپین ریگولیٹر کی 12 سے 17 برس کے بچوں کو موڈرنا ویکسین لگانے کی سفارش

موڈرنا نے مئی میں کہا تھا کہ اس کی ویکسین نوعمروں میں بھی محفوظ اور موثر ثابت ہوئی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
یورپی یونین کے ادویات کے ریگولیٹر نے 12 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کو موڈرنا کی کورونا ویکسین لگانے کی منظوری کی سفارش کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس کا مقصد یورپی بلاک میں نوعمر بچوں کے لیے دوسری ویکسین کے استعمال کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یورپین میڈیسنز ایجنسی (ای ایم اے) نے جمعے کو کہا ہے کہ سپائک ویکس نامی ویکسین کا نوعمروں میں استعمال ایسا ہی ہوگا جیسا 18 سال سے زائد عمر کے افراد میں ہوتا ہے اور ویکسین ویسی ہی اینٹی باڈیز تخلیق کرتی ہے جیسی 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد میں دیکھی گئی ہے۔
کورونا وائرس اور انتہائی متعدی ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف آبادی کی بڑی تعداد کو محفوظ بنانے کے لیے بچوں کو ویکسین لگوانا اہم سمجھا جاتا ہے۔
موڈرنا نے مئی میں کہا تھا کہ اس کی ویکسین نوعمروں میں بھی محفوظ اور موثر ثابت ہوئی ہے۔
ای ایم اے کی حفاظتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ نوعمر افراد میں ویکسین لگنے کے بعد کے سائیڈ ایفیکٹس ویسے ہی ہیں جیسے بڑی عمر کے افراد میں نظر آئے ہیں۔

شیئر: