چارسدہ میں پی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جنید اکبر قتل
ہفتہ 24 جولائی 2021 12:02
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذبیح اللہ نے کہا کہ ’ہم نے اس قتل کی تحقیقات کے لیے ایک جے آئی ٹی بنا دی ہے۔‘ (فوٹو، سوشل میڈیا)
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کے علاقے مندنی میں پولیس کے مطابق پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جنید اکبر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
تھانہ مندنی میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق مقتول جنید اکبر جمعرات کی شام مغرب کے بعد ڈھکی شہیدہ میں واقع اپنے سسرال والوں کے گھر گئے تھے، وہاں سے نکلنے کے کچھ دیر بعد نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہو گئے۔ قتل کے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جنید اکبر کی نعش کو جان محمد کمیونٹی ہسپتال جمال آباد لے گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ ذبیح اللہ نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ’اس کیس میں مدعی کی جانب کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ہے لیکن ہم نے اس قتل کی تحقیقات کے لیے ایک جے آئی ٹی بنا دی ہے۔‘
کیس کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ’ ہم اس پر کام کر رہے ہیں، فی الحال کچھ چیزیں ایسی ہیں جو سامنے نہیں لائی جا سکتیں۔‘
انہوں نے کہا کہ’ اس وقت مقتول کی خاندان کے لوگ غم کی کیفیت میں ہیں، اس لیے ان سے زیادہ بات نہیں ہو سکی لیکن ایک دو دن میں اس واقعے میں ملوث افراد تک پہنچ جائیں گے۔‘
ڈاکٹر جنید اکبر پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داری سے قبل یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے سول انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ میں لیکچرر کے طور پر کام کرتے تھے۔