Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے وزیر خارجہ آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

سعودی وزیر خارجہ نے 2019 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا (فائل فوٹو: دفتر خارجہ پاکستان)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود آئندہ ہفتے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق حکومت پاکستان اور سعودی سفارتخانے کے عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ ’سعودی وزیر خارجہ 27 جولائی کو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔‘
یاد رہے کہ ایک سال کے دوران سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ  دسمبر 2020 میں پاکستان کے دورے پر آئے تھے، اس دوران ملک کی اعلیٰ قیادت سے ان کی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ مولانا طاہر اشرفی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’سعودی وزیر خارجہ آئندہ ہفتے ایک روزہ دورے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔‘
 ’سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
جبکہ پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود آئندہ ہفتے منگل کے روز پاکستان پہنچیں گے۔‘
سفارت خانے کے عہدیدار نے مزید کہا کہ ’وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کا تسلسل ہے جس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ہوا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔‘

وزیراعظم عمران خان نے رواں برس مئی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے رواں سال مئی میں وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سیاسی، معاشی، تجارتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی کے مطابق ’سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران ان معاہدوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں ہونے والے مزید تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔‘

شیئر: