Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں داخل ہونے والے مزید پانچ فوجی افغان حکام کے حوالے

پاکستان نے سرحد پار کرکے پاکستان داخل ہونے والے پانچ افغان فوجی افغانستان کی حکومت کے حوالے کر دیے ہیں۔
بدھ کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ضابطے کی کارروائی کے بعد شام پونے چھ بجے باجوڑ میں نواپاس کے مقام پر پانچ افغان فوجیوں کو افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’ان پانچ فوجیوں کو پاکستانی فوج نے چترال میں پاک افغان سرحد کے ارندو سیکٹر میں 26 جولائی کو ان کی درخواست پر محفوظ راستہ دیا تھا۔‘

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ضروری کارروائی کے بعد یہ پانچ افغان فوجی پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور اب ان کی درخواست پر واپس افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔‘
اس سے قبل 26 جولائی کو پاکستان نےافغان فوج کے پانچ افسران سمیت 46 اہکار نوا پاس باجوڑ بارڈر کراسنگ پر افغان حکام کے حوالے کیے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ’ افغان حکام کی درخواست پر فوجیوں کو ان کے ہتھیاروں اور ساز و سامان کے ساتھ بخوشی واپس کیا گیا‘۔
پاکستان ضرورت کے وقت اپنے افغان بھائیوں کی ہر طرح کی مدد جاری رکھے گا‘۔
قبل ازیں افغان نیشنل آرمی (اے این اے) کے کمانڈر نے پاکستان آرمی سے افغان فوجیوں اور بارڈر پولیس کے پانچ افسران سمیت 46 اہلکاروں کو پناہ دینے اور محفوظ راستہ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
پیر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا کہ ’چترال کے ارندو سیکٹر کی دوسری جانب تعینات افغان نیشنل آرمی کے کمانڈر نے افغان سپاہیوں کو پاکستانی فوج سے پناہ اور محفوظ راستہ دینے کی درخواست دی تھی۔‘

اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان سپاہیوں نے پاکستان آرمی سے پناہ اور محفوظ راستے کی درخواست کی تھی (فوٹو اے ایف پی)

افغان نیشنل آرمی کے کمانڈر کے مطابق ’وہ افغانستان کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورت حال میں پاکستان کی سرحد سے متصل فوجی پوسٹوں پر کنٹرول برقرار نہیں رکھ سکتے۔‘
اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان سپاہیوں نے پاکستان آرمی سے پناہ اور محفوظ راستے کی درخواست کی تھی اور انہیں پاکستان نے محفوظ راستہ دینے کے بعد افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا میں تیزی کے بعد طالبان اور افغان فورسز میں جھڑپیں جاری ہیں۔ طالبان نے گذشتہ دنوں پاکستان کے ساتھ متصل سرحد پر واقع علاقوں کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ 

شیئر: