Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکائی براؤن اولمپکس میں میڈل جیتنے والی برطانیہ کی کم عمر ترین کھلاڑی

ٹوکیو اولمپکس میں سکیٹ بورڈنگ کے ایونٹ میں کم عمر کھلاڑیوں نے حصہ لیا (فوٹو: اے ایف پی)
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری اولمپکس میں برطانیہ کی 13 سالہ سکیٹ بورڈنگ کھلاڑی سکائی براؤن نے خواتین کے پارک سکیٹ بورڈنگ کے فائنل میں برونز میڈل جیت لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انہوں نے مقابلے میں 57.47 پوائنٹس حاصل کیے۔ 
جاپانی کھلاڑی سکورا یوسوزومی نے 60.09 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ جاپان کی ہی کھلاڑی کے ہیراکی نے 59.04 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور سلور میڈل جیتا۔
برونز میڈل جیتنے کے بعد سکائی براؤن نے خوشی کا اظہار کیا اور اسے ’ناقابل یقین‘ قرار دیا۔
سکائی براؤن برطانیہ کی سب سے کم عمر ترین اولمپیئن ہیں اور وہ صحت یابی کے بعد مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
دوران تربیت گرنے سے ان کی کھوپڑی کو نقصان پہنچا تھا اور ان کی کلائی اور ہاتھ بھی ٹوٹ گیا تھا۔
سکائی براؤن کی والدہ جاپانی اور والد برطانیہ سے ہیں۔ سکائی براؤن نے 2019 میں برطانیہ کے لیے کھیلنے کا انتخاب کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے برطانیہ کے لیے کھیلنے کا انتخاب کیا کیونکہ مجھے کہا گیا تھا کہ مزے کرو، کوئی دباؤ نہیں لینا۔‘
جاپان نے سکیٹ بورڈنگ میں چھ میں سے تین میڈلز جیتے ہیں۔

شیئر: