Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میسی نے مجھے یاد دلایا کہ تمام اچھی چیزیں کیسے ختم ہوتی ہیں‘

میسی کے بارسلونا کلب چھوڑنے کی خبر وائرل ہوئی تو پاکستان سمیت دنیا بھرمیں میسی کے مداحوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔(فوٹو، اے ایف پی)
ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی ایک نئے معاہدے میں ناکامی کے بعد سپین کے بارسلونا کلب کے ساتھ اپنے 20 سالہ کیریئر کا اختتام کر دیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بارسلونا کلب نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ایف سی بارسلونا اور لیونل میسی کے مابین آج ایک نئے معاہدے پر دستخط کرنے کے واضح ارادے کے باوجود، یہ مالی اور سٹرکچرل رکاوٹوں کی وجہ سے نہیں ہو سکتا۔ اس صورتحال کے نتیجے میں میسی ایف سی بارسلونا میں نہیں رہیں گے۔ فریقین کو اس بات کا شدید افسوس ہے کہ کھلاڑی اور کلب کی خواہشات پوری نہیں ہو سکیں گی۔
میسی اور بارسلونا کے درمیان جمعرات کو معاہدے کا اعلان متوقع تھا لیکن اس کے بجائے کلب نے بیان جاری کیا کہ میسی بارسلونا چھوڑ رہے ہیں۔ ایف سی بارسلونا کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ایف سی بارسلونا کلب کی ترقی میں لیونل میسی کی شراکت کے لیے ان کا  تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے اور اس کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جب میسی کی بارسلونا کلب چھوڑنے کی خبر وائرل ہوئی تو پاکستان سمیت دنیا بھر سے میسی کے مداحوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا، اسی حوالے سے ایک ٹوئٹر صارف پے ٹون نے لکھا کہ میسی نے 18 سال بعد بارسلونا چھوڑ کر مجھے یاد دلایا کہ تمام اچھی چیزیں کیسے ختم ہوتی ہیں، ہماری طرح۔

میسی کے بارسلونا کلب کے ساتھ معاہدہ نہ ہو پانے کی وجہ سے بہت سے مداح دلبرداشتہ نظر آئے جب  کہ کچھ مداح میسی کے کسی دوسرے کلب کے ساتھ معاہدے کا انتظار کرتے دکھائی دیے، ٹوئٹر ہینڈل مین کائنڈ نے لکھا کہ 90فیصد ایف سی بارسلونا شائقین اب مفت ایجنٹ بھی ہیں اور ان کی منزل وہ جگہ ہے جہاں میسی معاہدہ طے کرے گا۔

ایک اور کلب مانچسٹر یونائٹڈ کے شائقین ان کو کلب میں لینے کے خواہشمند بھی دکھائی دیے۔ اسی حوالے سے ٹوئٹر صارف ایڈم جیری لکھتے ہیں کہ اگر ہم میسی کو سائن کرتے ہیں تو ہم اس ابتدائی سیزن میں دوبارہ ٹریبل جیت رہے ہیں۔ مانچسٹر یونائٹڈ برائے مہربانی ایسا ہونے دیں۔

میسی کے بارسلونا کلب چھوڑنے کی خبر پر صارفین پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کے بارسلونا کے لیے کھیلے گئے کچھ یادگار میچز کی تصاویر بھی شیئر کرتے رہے، میسی کے بارسلونا کے لیے پہلے اورآخری گول کی تصویر شیئر کرتے ہوئے صارف یونس نے لکھا کہ لیونل میسی کی پہلی اور آخری بارسلونا گول کا جشن۔سولہ سال کا فاصلہ۔ایک دور کا اختتام۔

واضح رہے کہ پچھلے سیزن میں میسی نے اپنے معاہدے کی ایک شق کے ذریعے بارکا کو ایک آزاد ایجنٹ کے طور پر چھوڑنے کی کوشش کی تھی لیکن کلب نے عدالت جانے کی دھمکی دے دی۔

شیئر: