Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ویمن ہاکی ٹیم اور شاہ رخ خان، ’چک دے انڈیا ٹو بنے گی؟‘

شاہ رخ خان نے انڈٰن ویمن ہاکی ٹیم پر فخر کا اظہار کیا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی خواتین ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس میں برطانیہ سے شکست کھا کر کانسی کے تمغے سے محروم ہو چکی ہے لیکن بالی وڈ میں ’بادشاہ‘ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان اس بات پر دلبرداشتہ نہیں بلکہ وہ کہتے ہیں کہ یہاں تک پہنچنا بھی کسی جیت سے کم نہیں۔
بدھ کے روز اولمپکس کے سیمی فائنل میں انڈیا کی ٹیم ارجنٹینا سے ہارنے کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تھی۔
جمعے کو  کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں بھی انڈین ٹیم ایک دلچسپ مقابلے کے بعد تین کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست کھا گئی۔
اس حوالے سے شاہ رخ خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ’ ان کا دل ٹوٹا ضرور ہے لیکن پھر بھی یہ فخر سے سر اونچا رکھنے کا موقع ہے۔‘
وہ انڈیا کی خواتین کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’آپ نے پورے انڈیا میں ہر کسی کی حوصلہ افزائی کی ہے اور یہ اپنے آپ میں ایک جیت ہے۔‘
انڈین خواتین کی ہاکی ٹیم کے ڈچ کوچ شورڈ مارین نے اپنی ایک ٹویٹ میں شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ بالی وڈ کے بہترین اداکار ٹیم کی حمایت کررہے ہیں۔‘

شورڈ مارین نے خواتین کی ہاکی ٹیم پر بننے والی ایک فلم ’چک دے انڈیا‘ جس میں مرکزی شاہ رخ خان نے نبھایا تھا، کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ اس فلم کا دوسرا حصہ بنایا جائے۔‘

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 2007 میں جیدیپ سانی کی لکھی جانے والی فلم ’چک دے انڈیا‘ میں خواتین ہاکی ٹیم کے کوچ کا کردار نبھایا تھا۔
بالی وڈ اداکار کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سواپنل نامی صارف کہتے ہیں کہ ’ہمیں توقع تھی کہ آپ میچ دیکھ رہے ہیں، اس کھیل سے ہمیں دوسروں کے مقابلے میں زیادہ پیار ہے۔‘

ایک صارف نے شاہ رخ خان کی ٹویٹ کے جواب میں انہی کی ایک فلم کا ڈائیلاگ لکھا۔
’جیت میں تو بہت لوگ ساتھ دیتے ہیں، جو ہار کے وقت بھی ساتھ دے، وہ دل والا ہوتا ہے۔‘

شیئر: