Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے امارات کے لیے مشروط پروازیں: مسافروں کو ایئرپورٹ پر مشکلات کا سامنا 

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے دعویٰ کیا کہ ’فضائی کمپنی کی جانب سے بورڈنگ پاس کو ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ سے مشروط کیا گیا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان سے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دینے کے فیصلے کے بعد پروازیں بحال ہو چکی ہیں لیکن پاکستان میں کراچی اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 
اسلام آباد ایئرپورٹ سے امارات جانے والے مسافر خلیل الرحمن نے جمعے کو اردو نیوز کو بتایا کہ ’ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے سفر سے قبل کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک رات قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پاکستان میں کسی بھی نجی لیب میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کی ہی موجود نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’سفر سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا سرٹیفکیٹ جمع کروانے کے بعد ہی ٹکٹ بک کرائی تھی تاہم اب سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔‘
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے دعویٰ کیا کہ ’فضائی کمپنی کی جانب سے بورڈنگ پاس کو ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ سے مشروط کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو دشواری کا سامنا ہے۔‘
اس حوالے سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتی حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اماراتی حکومت کی جانب سے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی اور آج صبح ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر مسافروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں تاہم اس مسئلہ کو حل کیا جا رہا ہے۔

شیئر: