Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمائمہ کو نصرت فتح کے گیت کے ترجمے کی ’تلاش‘

جمائما گولڈ سمتھ بطور فلم پروڈیوسر بھی کام کر رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کا شمار سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بہت فعال صارفین میں ہوتا ہے اور اکثر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتی رہتی ہیں۔
ایسی ہی ایک دلچسپ گفتگو کا آغاز اس وقت ہوا جب جمائما گولڈ سمتھ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستانی صارفین سے پوچھا کہ ’میرے پاکستانی فالوورز کے لیے سوال- کیا کوئی مجھے بتا سکتا ہے کہ میں عظیم نصرت فتح علی خان کے گیت اتھرا عشق نی سون دیندا کے گانے کا انگریزی ترجمہ کیسے تلاش کروں؟‘
جمائما کی ٹویٹ کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین ان کی مدد کو آئے اور نصرت فتح علی خان کے اس گیت کے انگریزی ترجمے شیئر کرنا شروع کر دیے۔
کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ’نصرت فتح علی خان کی قوالیوں کو ترجمہ کرنا ناممکن ہے۔‘
اسی حوالے سے ٹوئٹر ہینڈل ندیم تاج لکھتے ہیں کہ ’حقیقت کو کسی ترجمے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ آپ کے دل پر اثر کرتا ہے، میرا مطلب ہے کہ یہ موسیقی دل کو چھو لینے والی ہے تو آپ انگریزی ترجمہ کے بارے میں کیوں سوچتی ہیں؟‘

جمائما کی ٹویٹ کے جواب میں ٹوئٹر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور گفتگو کو ہلکے پھلکے انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم اور ان کے سابق شوہر عمران خان سے مشورہ لینے کو کہتے دکھائی دیے۔ 
ٹوئٹر صارف فلک شیر نے لکھا کہ ’فی الحال یہ گیت صرف پنجابی زبان میں ہے اور اس کا انگریزی میں ترجمہ نہیں کیا گیا ہے۔ آپ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے مدد حاصل کر سکتی ہیں۔ ان سے رابطہ کریں۔‘

ایک اور صارف چاند بابو لکھتے ہیں کہ ’عمران خان صاحب سے رابطہ کریں وہ آپ کو بہترین ترجمہ کرکے دیں گے۔ عمران خان صاحب خود عظیم نصرت فتح علی خان کے بہت بڑے پرستار ہیں، اور نصرت صاحب عمران خان کے مداح تھے۔‘

واضح رہے کہ جمائما گولڈ سمتھ کے سابق شوہر اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، نصرت فتح علی خان کے بہت بڑے مداح ہیں اور شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ مہم اور مختلف چیریٹی پروگراموں میں انہیں بطور خاص مدعو کرتے رہے ہیں۔

شیئر: