Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جی لے ذرا‘: اب کی بار لڑکے نہیں لڑکیوں کا ’روڈ ٹرپ‘

فرحان اختر کی فلم ’جی لے ذرا‘ 2023 میں ریلیز کی جائے گی (فوٹو: پرینکا چوپڑا انسٹاگرام)
بالی وڈ پر حکمرانی کرنے والی اداکارائیں پرینکا چوپڑا، کترینہ کیف اور عالیہ بھٹ کو اب فلمی شائقین ایک ہی فلم میں ایک ساتھ اداکاری کا جادو جگاتے اور اپنے جلوے بکھیرتے دیکھ سکیں گے۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ’دل چاہتا ہے‘ اور ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ جیسی یادگار فلمیں بنانے والے فرحان اختر اب ایک نئی فلم ڈائریکٹ کر رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے ان تینوں اداکاراؤں کو کاسٹ کیا ہے۔
’جی لے ذرا‘ بھی ایک ’روڈ ٹرپ‘ فلم ہو گی جسے فرحان اختر ان کی بہن زویا اختر اور ریما کگتی نے تحریر کیا ہے اور وہ اس فلم کو 2023 میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بالی وڈ کی ’پگی چاپس‘، ’کیٹ‘ اور ’ببلی گرل‘ کو ایک ساتھ ایکشن میں دیکھنے کے لیے فلمی شائقین ابھی سے پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔
پرینکا چوپڑا نے دو سال بعد بالی وڈ میں اپنی فلم کا اعلان کیا ہے، اس سے پہلے 2019 میں وہ فرحان اختر کی ہی فلم ’دا سکائی از پنک‘ میں نظر آئی تھیں۔ پرینکا ابھی لندن میں اپنی ایک ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
بالی وڈ کی آنے والی فلموں کی فہرست میں کئی فلمیں عالیہ بھٹ اپنے نام کر چکی ہیں جن میں ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘، ’براہمسترا‘، ’ڈارلنگز‘ اور ’آر آر آر‘ شامل ہیں جبکہ کترینہ کیف ’فون بھوت‘ میں نظر آئیں گی۔

شیئر: