Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پیرس کے دو عجوبے: ایفل ٹاور اور میسی‘

ایک صارف نے لکھا ’پیرس کے پاس اب دو عجوبے ہیں، پہلا ایفل ٹاور اور دوسرا لیونل میسی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا چھوڑنے کے بعد فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
واضح رہے میسی 21 سال تک بارسلونا سے منسلک رہے ہیں اور گذشتہ دنوں کنٹریکٹ کے مسائل کی وجہ سے انہوں نے ہسپانوی کلب کو چھوڑا ہے۔
اب پی ایس جی کے ساتھ میسی نے دو سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سوشل میڈیا پر میسی کے پرستار ان کے اس فیصلے سے خوش نظر آ رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر براؤن بوائے نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو لگائی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیرس میں ہزاروں لوگوں کا مجمع میسی کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود ہے۔
ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’ذرا خوشی سے شور مچاتے مجمعے کو تو دیکھیں، پورا پیرس یہاں امڈ آیا ہے۔‘

 

اس سے قبل پی ایس جی نے ریال میڈرڈ کے ایک سابق کپتان سرجیو راموس کو بھی سائن کیا تھا۔ واضح رہے ریال میڈرڈ اور بارسلونا کا ٹاکرا فٹ بال کی دنیا کا بڑا میچ تصور کیا جاتا ہے جسے ’الکلاسکو‘ کہا جاتا ہے اور ماضی میں ان میچز میں میسی اور راموس ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے رہے ہیں۔
تاہم یہ دونوں سٹار کھلاڑی اب ایک ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے اور اس حوالے سے ان کی ایک فون کال کا کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

 

تاہم ایک صارف نے میسی اور سرجیو راموس کی ایک تصویر لگا کر یہ بھی کہا کہ ’آخر یہ دونوں ساتھ کیسے کھیل سکتے ہیں؟‘
میسی کے ایک اور پرستار نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پیرس شہر کے پاس اب دنیا کے دو عجوبے موجود ہیں، پہلا ایفل ٹاور اور دوسرا لیونل میسی‘

 

 

شیئر: