Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عقلمند، مزاحیہ اور بصیرت والی‘ سینیئر اداکارہ دردانہ بٹ چل بسیں

معروف پاکستانی اداکارہ دردانہ بٹ کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
اداکار اور آر جے خالد ملک نے جمعرات کو اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’دردانہ بٹ اس جہاں کو چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملی ہیں۔‘

 

انہوں نے لکھا کہ ’دردانہ آپا دنیا چھوڑ کر خالقِ حقیقی سے جا ملی ہیں، عقلمند، مزاحیہ، بصیرت والی دردانہ بٹ ایک خاص روح تھیں، جو اب اس دنیا میں نہیں رہی ہیں۔‘
پاکستانی میڈیا کے مطابق دردانہ بٹ پچھلے کئی دنوں سے طبعیت کی خرابی کے باعث کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ تاہم طبعیت خراب ہونے کے باعث انہیں کچھ روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
معروف اداکارہ کے انتقال کی تصدیق آرٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔ کونسل کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ دردانہ بٹ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور کچھ دنوں پہلے انہیں کورونا وائرس بھی ہو گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی دردانہ بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’ڈاکٹر دردانہ بٹ کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ وہ ایک عظیم اداکارہ اور پروفیسر تھیں۔‘
دردانہ بٹ 1938 میں لاہور میں پیدا ہوئیں اور اپنے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں متعدد شہرہ آفاق ڈراموں بشمول آنگن ٹیڑھا، ففٹی ففٹی، رسوائی، اتنظار اور تنہائیاں میں ادکاری کے جوہر دکھائے۔

شیئر: