پانی کی ٹنکی کھولی تو اندر سانپ ہی سانپ، انڈین فیملی نے پھر کیا کیا؟
محکمہ جنگلات کی ٹیم کا کہنا ہے کہ سانپوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)
انڈیا میں ایک گھر کی چھت پر لگی پانی کی ٹنکی میں درجنوں سانپوں کی موجودگی نے گھر والوں کو پریشان کر دیا اور محکمہ جنگلات کو حرکت میں آنا پڑا۔
ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ اترکھنڈ کے علاقے سریدار کے گاؤں سرائے میں پیش آیا۔
گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر کچھ عرصے بعد ٹنکی کی صفائی کرتے ہیں اور اسی مقصد کے لیے جب ٹنکی کو خالی کیا گیا اور ڈھکن کھولا گیا تو اس میں کافی تعداد میں سانپ موجود تھے جس پر فوراً ڈھکن کو بند کر دیا گیا۔
اس کے بعد گھر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مالک کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیوی بچوں کو پڑوسی کے گھر منتقل کیا اور گھر کو تالہ لگا دیا۔
انہوں نے پڑوسیوں کے مشورے پر محکمہ جنگلات کو اطلاع دی، جس پر ٹیم وہاں پہنچی جن میں سنیک کیچرز طالب اور بھولا بھی شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ڈھکن کو ہٹایا گیا تو نیچے تہہ میں بچے پانی کے اندر چھوٹے سانپ ادھر ادھر رینگ رہے تھے۔
ان کے مطابق اسی وقت ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا جس کے لیے خصوصی آلات استعمال کیے گئے اور سانپوں کو ٹنکی سے نکال کر محکمے کے ڈرموں میں منتقل کر دیا گیا۔
رینج آفیسر ششپال سنگھ کا کہنا ہے کہ نکالے گئے سانپوں کی تعداد 27 ہے، جو محفوظ طور پر پکڑا اور بعدازاں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ان کے مطابق ’اس پورے آپریشن میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔‘
رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی نہیں کی گئی اتنی تعداد میں سانپ ٹنکی اندر کیسے پہنچے۔
دوسری جانب گھر والوں نے بھی اس بارے میں لاعملی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ گھر میں کافی صفائی ستھرائی رکھتے ہیں اور ٹنکی کی صفائی بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔
انڈیا ان ممالک میں شامل ہے جہاں بڑی تعداد اور اقسام میں سانپ پائے جاتے ہیں اور اکثر ان کے کاٹے جانے کی وجہ سے ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔
