ایران کے میزائل و ڈرون حملے، اردن، بحرین اور کویت کا دفاعی ردعمل
ایران نے اعلان کیا کہ اس نے خطے میں امریکی اثاثوں پر حملے کیے ہیں جس کے بعد کویت نے کہا کہ وہ بدھ کی صبح ڈرون حملوں سے نمٹ رہا ہے جبکہ بحرین نے فضائی حملے کے سائرن بجائے اور عوام کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت دی۔
عرب نیوز کے مطابق کویت کی فوج نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام منظور شدہ عملی طریقہ کار کے مطابق دشمن فضائی اہداف کو روک رہا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے عوام کو پناہ لینے کی ہدایت دی۔ اردنی مسلح افواج نے کہا کہ انہوں نے ایران سے داغے گئے پانچ میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا جو اردن کے علاقے الازرق کی طرف داغے گئے تھے۔
فوج نے مزید کہا کہ میزائل روکنے کی کارروائی کے دوران ملبہ اردنی علاقے میں گرا لیکن کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے پہلے بدھ کو ایران کے پاسدران انقلاب نے کہا کہ انہوں نے اردن میں امریکی الازرق بیس کے چار مقامات کو طویل فاصلے کے میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
منگل کو مشرق وسطیٰ کی جنگ اس وقت شدت اختیار کر گئی جب امریکہ نے ایران میں اہداف کو نشانہ بنایا، اس کے بعد تہران نے ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا۔
امریکہ نے کہا کہ وہ اب بھی تحقیقات کر رہا ہے کہ کس طرح آرمی اپاچی ہیلی کاپٹر عمان کے ساحل کے قریب گرایا گیا۔
