Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیلٹا ویریئنٹ کے بڑھتے کیسز، امریکہ کو کورونا کے خلاف جنگ میں ’ناکامی‘

جمعے سے اب تک روزانہ سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 118,000 تک بڑھ گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر کووڈ 19 کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ ملک کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ’ناکام‘ ہو رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تیزی سے منتقل ہونے والے ڈیلٹا ویریئنٹ کے کیسز میں اضافہ بری خبروں کی وجہ بن رہا ہے جہاں پہلے ہی کورونا وائرس سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ 616,000 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
جمعے سے اب تک روزانہ سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 118,000 تک بڑھ گئی ہے، امریکی ریاستوں جیسے کہ فلوریڈا کے ہسپتال وائرس سے متاثرہ بچوں سے بھر گئے ہیں جبکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی اس وائرس کا شکار ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ڈائریکٹر فرینکس کولینز نے اے بی سی کے پروگرام ’دس ویک‘ میں بتایا کہ ’ہم جہاں پہنچ چکے ہیں ہمیں یہاں نہیں ہونا چاہیے تھا، اس حوالے سے (میں کہوں گا) جی ہاں ہم ناکام ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم ڈیلٹا ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے سے جس مقام پر پہنچ گئے ہیں ہم یہاں نہ ہوتے اگر ہم ہر کسی کو ویکسین لگوانے میں زیادہ موثر طریقے سے کام کرتے۔ اب ہمیں خوفناک قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔‘
امریکی محکمہ صحت کے ایک اور عہدیدار انتھونی فاؤچی نے این بی سی کے پروگرام ’میٹ دا پریس‘ میں بتایا کہ ’ویکسینز کی فیڈرل فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے مکمل منظوری رواں ماہ کے اوائل تک مل جائے گی، مجھے امید ہے کہ یہ (منظوری) اگست میں مل جائے گی۔‘

سینٹرز فار ڈیزیز اینڈ کنٹرول کا کہنا ہے کہ ’دو سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو سکولوں سمیت عوامی مقامات پر ماسک پہننا چاہیے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

صدر جو بائیڈن کو صحت سے متعلقہ امور میں مشاورت دینے والے انتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ ڈیلٹا ویریئنٹ پر قابو پانے میں ناکامی سے نئے ویریئنٹ کے سامنے آنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں جو ڈیلٹا سے زیادہ خطرناک ہوگا۔‘
12 سال سے کم عمر بچے ویکسین کے لیے ابھی اہل نہیں ہیں اور کولنز نے تنبیہہ کی ہے کہ سکولوں میں واپس جانے والے لاکھوں بچوں نے اگر ماسک نہیں پہنا تو وائرس مزید بڑے پیمانے پر پھیلے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے نتیجے میں سکولوں میں وبا کے کیسز سامنے آئیں گے اور بچوں کو پھر سے گھروں سے پڑھائی جاری رکھنا ہوگی۔‘
امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزیز اینڈ کنٹرول (سی ڈی سی) نے اتوار کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’وہ بچے جن میں علامات ظاہر نہ ہوں وہ بھی کورونا وائرس پھیلا سکتے ہیں، دو سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو سکولوں سمیت عوامی مقامات پر ماسک پہننا چاہیے۔‘

شیئر: