Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیٹی میں 7.2 ریکٹر سکیل کا زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 227 ہوگئی

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ قصبے مکمل طور پر ملیا میٹ ہو گئے ہیں (فوٹو ویو نیوز)
ہیٹی میں 7.2 ریکٹر سکیل کے زلزلے سے کئی علاقے تباہ ہو گئے ہیں، ہسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں اور دو سو سے زائد  افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سنیچر کو آنے والے زلزلے کا مرکز دارالحکومت پورٹ او پرنس کے مغرب میں 125 کلومیٹر دور تھا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 227 پو گئی ہے۔
ہیٹی کے سول دفاع کے ڈائریکٹر جیری چانڈلر نے اے پی کو بتایا کہ ریسکیو کے لیے مختلف علاقوں میں ٹیمیں بھیجی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم ایریل ہینری نے ایک مہینے کی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نقصانات کا صیح اندازہ نہیں لگایا جاتا وہ بین الاقوامی امداد کی اپیل نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ قصبے مکمل طور پر ملیا میٹ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سب سے اہم کام ملبے کے نیچے سے لوگوں کو نکالنا ہے۔ ہسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔‘
وزیراعظم نے ہیٹی کے لوگوں سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ریڈ کراس اور غیر متاثرہ ہسپتال زخمیوں کا علاج کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ضروریات بہت زیادہ ہیں۔ ہمیں زخمیوں کا خیال کرنا ہے، لیکن ہمیں خوراک، عارضی پناہ اور نفسیاتی سپورٹ کا انتظام کرنا ہے۔‘
وائٹ ہاؤس کے مطابق کو سنیچر کو ہیٹی میں زلزلے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہوں نے ضروری اقدامات اور رابطے کا حکم دیا۔

شیئر: