Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات جانے والوں کے لیے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر بھی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا آغاز

این سی او سی نے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈاوں پر ریپڈ پی سی آرٹیسٹ کی سہولت فراہمم کرنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے امارات جانے والے مسافروں کے لیے پاکستان کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کے نامہ نگار وسیم عباسی کو بتایا کہ سنیچر کو کراچی اور لاہور کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر بھی ریپڈ  پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی۔
قبل ازیں جمعے کو ریپڈ  پی سی آر ٹیسٹ لیبارٹری کی اسلام آباد ایئر پورٹ پر تنصیب کے بعد وہا سے متحدہ عرب امارات کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا تھا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ سنیچر کی شام تک کراچی اور لاہور میں بھی باقاعدہ لیبارٹریز کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے بعد ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں سے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔
این سی او سی نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈاوں پر ریپڈ پی سی آرٹیسٹ کی سہولت کی فراہمی کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھا تھا۔
جمعرات کو پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے ساتھ ہی دبئی اور شارجہ کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا تھا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے  سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک ترجمان سعد بن ایوب نے بتایا تھا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی درخواست پر پشاور ائرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر کی سہولت مناسب قیمت میں فراہم کی جا رہی ہے۔
خیال رہے 5 اگست کو امارات نے انڈیا، پاکستان، نائجیریا اور دوسرے ممالک سے ٹرانزٹ مسافروں پر پابندی ہٹا دی تھی۔ تاہم سفر کے لیے اماراتی حکام نے سفر سے چار گھنٹے قبل کرائے گئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی شرط عائد کر دی تھی۔

شیئر: