Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان پر اتحادی امریکہ کی ’ساکھ‘ پر سوال نہیں اٹھا رہے: بائیڈن

صدر جو بائیڈن نے کہا کہ کابل سے شہریوں کے انخلا کے معاملے پر امریکہ نیٹو کے ساتھ آپریشنل کوارڈینیشن کر رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اتحادی ممالک نے افغانستان سے انخلا پر امریکہ کی ساکھ پر کسی قسم کے سوالات نہیں اٹھائے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران کہا کہ دنیا بھر میں اتحادی ممالک نے امریکہ کی ساکھ پر کوئی سوال نہیں اٹھایا۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ کابل سے شہریوں کے انخلا کے معاملے پر امریکہ نیٹو کے ساتھ آپریشنل کوارڈینیشن کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنے اتحادی ممالک اور شراکت داروں کے لیے پروازوں میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔
صدر بائیڈن نے وعدہ کیا کہ ہر اس امریکی کو افغانستان سے نکالا جائے گا جو وہاں سے نکلنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق اب تک 13 ہزار امریکیوں کو واپس لایا گیا ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ افغانستان کے ایشو کا حتمی نتیجہ کیا ہوگا اس حوالے سے وہ کوئی وعدہ نہیں کر سکتے۔
’ یہ لوگوں کو جہاز کے ذریعے نکالنے کا امریکہ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور مشکل ترین آپریشن ہے۔‘
بائیڈن نے کہا کہ ’ہم اپنے افغان اتحادیوں، شراکت داروں اور ان افغانوں کے، جن کو امریکہ کے ساتھ تعاون پر نشانہ بنایا جاسکتا ہے، محفوظ انخلا کے لیے سب کچھ کرنے جارہے ہیں جو کہ ہم کرسکتے ہیں۔

ضرورت پڑی تو برطانیہ طالبان کے ساتھ مل کر بھی کام کرے گا: بورس جانسن

قبل ازیں برطانوی وزیرِاعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو برطانیہ طالبان کے ساتھ مل کر بھی کام کرے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بورس جانسن کا جمعے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ اپنے لوگوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ افغانستان کا حل تلاش کرنے کے لیے ہماری سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔
’جس میں ضرورت پڑنے پر طالبان کے ساتھ کام کرنا بھی ہے۔‘
اس سے قبل بورس جانسن کہہ چکے ہیں کہ وہ طالبان کو اُن کے الفاظ نہیں بلکہ اقدامات سے پرکھیں گے۔

شیئر: