Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ہوں گے؟

59 سالہ رمیز راجہ پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کیا پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین بننے جارہے ہیں۔
یہ سوال اس وقت پاکستان کے کرکٹ کےحلقوں میں زیر بحث ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
سنیچر کے روز پاکستانی میڈیا نے پی سی بی کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ’سابق کرکٹر بورڈ کے آئندہ چیئرمین ہوسکتے ہیں۔‘
تاہم اس حوالے سے حکومت یا رمیز راجہ کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کی تین سالہ مدت چار ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔
 اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلٰی وزیراعظم عمران خان اس عہدے کے لیے دو نام تجویز کرکے گورننگ بورڈ کو بھجوائیں گے۔   
اطلاعات کے مطابق موجودہ چیئرمین احسان مانی اور اسد علی خان کا نام امیدواروں کے طور پر تجویز کیا گیا ہے تاہم اطلاعات کے مطابق اب احسان مانی کی جگہ رمیز راجہ کا نام شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 59 سالہ رمیز راجہ پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں اور آج کل مختلف سیریز میں کمنٹری کے فرائض سرانجام دیتے نظر آتے ہیں۔

شیئر: