سعودی کھلاڑی مریم المریسل کی ٹوکیو 2020 پیرالمپک گیمز میں شرکت
سعودی کھلاڑی مریم المریسل کی ٹوکیو 2020 پیرالمپک گیمز میں شرکت
بدھ 25 اگست 2021 12:57
سعودی کھلاڑی دوسرا مقابلہ روس کی نادیزدہ پشپا شیوا سے کریں گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی خاتون کھلاڑی مریم المریسل نے ٹوکیو 2020 پیرالمپک گیمز میں ویمنزٹیبل ٹینس سنگلز میں بدھ کی صبح جنوبی کوریا کی سیوسو یون سے مقابلہ کر کے سعودی عرب کی شرکت کا آغاز کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق ٹوکیو میٹروپولیٹن جم میں کلاس1-2 گروپ سی کے پہلے میچ میں سعودی کھلاڑی 3-0 (11-1 ، 11-1 ، 11-2) سے ہار گئیں لیکن وہ جمعرات کی سہ پہر روسی پیرالمپک ٹیم میں شامل کھلاڑی نادیزدہ پشپاشیوا کے خلاف دوبارہ ایکشن میں ہوں گی۔
ٹوکیو پیرالمپکس میں کلاس چھ گروپ سی میں چین کی ملیاک الیوا نےعراق کی نجلہ الدیانی کو 3-1 (5-11 ، 11-2 ، 11-5 ، 11-9) سے شکست دی ہے۔
عراقی کھلاڑی کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا جب وہ جمعرات کی صبح جنوبی کوریا کی لی کن وو سے مقابلہ کریں گی۔
ٹیبل ٹینس ویمنز سنگلز میں ہی اردن کی فطین علیمات بھی کلاس فور کے گروپ ڈی میں چین کی ژیاڈان گو سے 3-0 (11-2 ، 11-5 ، 11-5) سے ہار گئیں اور اب وہ جمعرات کو برازیل کی جوائس ڈی اولیویرا سے مقابلہ کریں گی۔
بدھ کی صبح ٹوکیو ایکواٹکس سینٹر میں سوئمنگ مقابلے میں مصر کی عیاللہ توفیق نے خواتین کی 50 میٹر فری سٹائل تیراکی میں چھٹی پوزیشن حاصل کی جب کہ مصر کے ہی زیاد کاہل مردوں کی 200 میٹر فری سٹائل تیراکی مقابلے میں پانچویں نمبر پر رہے۔
علاوہ ازیں مساشینو فاریسٹ سپورٹ پلازہ میں کھیلے گئے وہیل چیئر باسکٹ بال ویمنز ٹورنامنٹ کے میچ میں الجزائر اپنا افتتاحی میچ چین کے مقابلے میں 74-25 سے ہار گیا۔
دریں اثنا پیرالمپک گیمز میں الجزائر نے ٹوکیو کے مکوہاری میسے ہال میں مردوں کے گروپ اے گول بال کے ابتدائی میچ میں جاپان کو 04-13 سے شکست دی۔
الجزائر کی ٹیم جمعرات کو گول بال ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں لیتھوانیا کا مقابلہ کرے گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں