Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نورمقدم کیس: تھراپی ورکس کے ملازمین کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

چھ ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواست نور مقدم کے والد نے کی ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
نور مقدم قتل کیس میں تھراپی ورکس کے ملازمین اور مالک کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
جمعرات کو نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے ملزمان کی ضمانت کی منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
ہائی کورٹ نے نور مقدم کے والد کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
درخواست کی سماعت جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ 
شوکت مقدم نے درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے چھ ملزمان کو ضمانت دینے کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’عدالت نے ضمانت دیتے وقت سپریم کورٹ کے طے کردہ قوانین کو نظر انداز کیا۔‘
’یہ ملزمان موقع واردات پر موجود تھے جبکہ ملزم امجد کے زخمی ہونے سے متعلق ہسپتال میں حقائق چھپائے گئے۔‘
درخواست کے مطابق ’ملزمان شوکت مقدم کو دھمکا رہے ہیں۔ ضمانت منسوخ نہ کی گئی تو درخواست گزار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘
شوکت مقدم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایڈیشنل سیشن جج کافیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
’انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے چھ ملزمان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔‘
دو روز قبل نور مقدم کیس میں تھراپی ورکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر ظہور سمیت چھ ملزمان کی ضمانت منظور ہو گئی تھی اور عدالت نے ملزمان کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
خیال رہے کہ 20 جولائی کو سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحبزادی نور مقدم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔
اس مقدمے کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر اور اس کے والدین سمیت دیگر ملزمان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔ 

شیئر: