Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 13 ستمبر کو، رمیز راجہ فیورٹ

پی سی بی بورڈ آف گورنرز اپنے اجلاس میں نئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتخاب کرے گا (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے پی سی بی کے 36 ویں چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 13 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق الیکشن کمشنر نے یہ فیصلہ جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔الیکشن کمشنر کی ہدایت پر مذکورہ تاریخ پر بی او جی کے اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزارت بین الصوبائی رابطہ نے رمیز راجہ اور اسد علی خان کی بطور ممبران بورڈ آف گورنرز تعیناتی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا تھا۔
اسد علی خان دوسری مرتبہ بورڈ آف گورنرز کے ممبر بنے ہیں۔ جمعرات کے روز جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق دونوں ارکان کی تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی ہے۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز اپنے اجلاس میں نئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتخاب کرے گا۔
واضح رہے کہ پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کو احسان مانی کی جگہ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر کے طور پر نامزد کیا ہے۔
پیر کے روز رمیز راجہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ملاقات کی تھی۔
 کرک انفو کے ساتھ بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے اس ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ ’میں نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کی جس میں انہیں پاکستان کرکٹ کو آگے بڑھانے کا روڈ میپ پیش کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کرکٹ پر مبنی گفتگو ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ کو درپیش مسائل اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے پر بات کی گئی۔‘
’مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے مجھے بلایا اور میری بات سنی۔ انہیں مجموعی طور پر کرکٹ کی حالت کے بارے میں فکر ہے اور وہ اس پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔‘
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی ٹیم کا تسلسل بہت خراب رہا ہے اور اگر ہر فارمیٹ میں رینکینگ کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان فائنل تک نہیں پہنچ پاتا۔ ٹیم صرف ٹی 20 کے سیمی فائنل تک پہنچتی ہے۔‘
’تاہم ایک روز اور ٹیسٹ فارمیٹ میں اس کے لیے پول میچز سے آگے بڑھنا مشکل ہے۔ لہذا میں نے انہیں ان چیزوں کے بارے بتایا۔ یہ ایک مفید ملاقات تھی اور اب یہ ان (وزیراعظم) پر منحصر ہے کہ وہ آگے کیسے بڑھیں گے۔‘
واضح رہے کہ 59 سالہ رمیز راجہ پاکستان کی جانب سے 57 ٹیسٹ اور 198 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں اور آج کل مختلف سیریز میں کمنٹری کے فرائض سرانجام دیتے نظر آتے ہیں۔

شیئر: