Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: فیکٹری میں آگ لگنے سے 16افراد جھلس کر ہلاک

پولیس کا کہنا ہے کہ ’امدادی کارروائی کے دوران 2 ریسکیو اہلکار بھی زخمی ہوئے‘ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 16افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جمعے کے روز فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد 14 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کا بہترین علاج کیا جائے۔
پولیس کی مطابق ’فیکٹری کی کھڑکیاں گرِل لگا کر بند کی گئی تھیں۔ کمروں میں کھڑکیوں کے ساتھ سامان رکھ دیا گیا تھا تاکہ کوئی کھڑکی تک نہ آسکے۔‘
پولیس کے مطابق ’امدادی کارروائی کے دوران 2 ریسکیو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ’11 نعشیں جناح ہسپتال لائی گئی ہیں۔‘
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق 21 افراد فیکٹری کی پہلی منزل پر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر ہلاکتیں دم گھٹنے سے ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 11 نعشیں جناح ہسپتال لائی گئی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

چیف فائر آفیسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے ساتھ واٹر بورڈ کا ایک ٹینکر بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ 
انہوں نے مزید بتایا کہ فیکٹری میں داخلے کا صرف ایک دروازہ تھا جبکہ چھت کے دروازے کو بھی تالا لگا ہوا تھا۔
ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق آگ بجھانے کے لیے رینجرز کے جوان جائے حادثہ پر موجود ہیں اور جائے حادثہ کو کارڈن آف کر لیا گیا ہے۔

شیئر: