Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان سے انخلا: لاہور میں ہنگامی انتظامات، پرانا ایئرپورٹ فعال

افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کے لیے صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی ہنگامی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن کے ایک اعلی عہدیدار نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد میں افغان شہریوں اور اور غیرملکیوں کی ممکنہ طور پر تعداد بڑھنے کے باعث لاہور میں بھی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ’اس مقصد کے لیے لاہور کے پرانے ایئرپورٹ اور رن وے افغانستان سے آنے والی پروازوں کے ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پرانے ائیرپورٹ لاونج کو فنکشنل کیا جا چکا ہے۔ جبکہ امیگریشن اور کسٹم کاونٹر بھی نصب کردیے گئے ہیں۔‘
خیال رہے کہ لاہور کے پرانے ائیرپورٹ کو حج ٹرمینل بھی کہ جاتا ہے۔ اور یہ صرف انتہائی مخصوص شخصیات کے آںے پر ہی استعمال کیا جاتا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جہاز بھی پرانے ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تھا۔
افغانی شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بھی شہر کے متعدد ہوٹلوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ ایمرجنسی کی صورت میں کمرے خالی رکھیں ان کو 24 گھنٹے پہلے آگاہ کر دیا جائے گا۔
البتہ شہر کے دوفائیو سٹار ہوٹلز کے سو کمرے ضلعی انتظامیہ نے غیر ملکی مہمانوں کے لئے بک کر لیے ہیں۔  جب کہ درمیانے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسز کو سٹینڈ بائی پے رکھا گیا ہے۔

شیئر: