Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے، طلبہ کے لیے ہدایات کیا ہیں؟

طلبہ کے لیےکورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں ضروری ہیں(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں معمولاتِ زندگی کی بتدریج بحالی کے ساتھ اتوار 29 اگست سے سکول دوبارہ کھل رہے ہیں۔ 
مملکت بھر میں لاکھوں طلبہ کورونا وبا کے بعد تعلیمی اداروں کی بندش کے بعد پہلی مرتبہ کلاس میں جانے کا تجربہ کریں گے۔
سعودی وزارت تعلیم نے نئے تعلیمی سال کی آمد پر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سکول پہنچنے والے طلبہ کو 8  واضح ہدایات دی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ سکولوں میں محفوظ واپسی کے لیے آٹھ ہدایات کی پابندی ناگزیر ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کے لیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں ضروری ہیں۔
سکول میں موجودگی کے دوران ماسک کی مسلسل پابندی،مصافحے سے پرہیز اور سماجی فاصلے کی پابندی کی جائے۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ چھینکتے وقت رومال کا استعمال کریں یا جھک کر چھینکیں۔ 
لنچ کلاس روم میں کیا جائے سکول میں زیر استعمال اشیا کی مستقل صفائی، عمومی صفائی کی پابندی کی جائے جبکہ ہاتھ کو بار بار سینیٹائز کرتے رہنا چاہیے۔
وزارت تعلیم کاکہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کے  ساتھ تدریسی عملے کو بھی ایس او پیز کا پابند بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کہ مڈل اور ثانوی سکولوں کے 12 برس اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت اس صورت میں ہوگی جبکہ وہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔‘
’نرسری اور پرائمری سکول کے طلبہ کے لیے سکول کھلنے کی تاریخ 30 اکتوبر 2021  مقرر کی گئی ہے۔

 

شیئر: