Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 13: ایپل نیا آئی فون 14 ستمبر کو لانچ کر رہا ہے؟

آئی فون 12 گزشتہ برس اکتوبر میں لانچ کیا گیا تھا (فوٹو: ایپل)
گزشتہ برس کورونا وبا کے پیدا کردہ حالات میں آئی فون 12 معمول سے تاخیر کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا تاہم ٹیکنالوجی انڈسٹری کو توقع ہے کہ ایپل اپنی سابقہ روایت پر عمل کرتے ہوئے آئی فون 13 ستمبر کے مہینے میں لانچ کرے گا۔
ٹیکنالوجی سے متعلق چینی بلاگ ’مائی ڈرائیورز‘ نے ایک قدم آگے بڑھ کر یہ دعویٰ بھی کر دیا ہے کہ ایپل اپنا نیا فون 14 ستمبر کو لانچ کرے گا۔
اس سے قبل بھی تائیوان کے ایک بلاگ نے ایپل کے نئے فون سے متعلق لیک کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ آئی فون 13 کی قیمت گزشتہ سمارٹ فون آئی فون 12 سے زیادہ ہو گی۔ پہلے یہ توقع ظاہر کی گئی تھی کہ ایپل اپنے نئے فون کی قیمت آئی فون 12 جتنی رکھے گا۔
آئی فون 13 کی لانچ سے متعلق لیکس اور دیگر اطلاعات شیئر کرنے والے ٹیکنالوجی شعبے کے مطابق اس مرتبہ ایپل آئی فون 13 کے چاروں ماڈلز ایک ہی وقت میں متعارف کرائے گا۔
امکان ہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون 13، آئی فون 13 منی، آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس صارفین کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

آئی فون 13 کی قیمت

ماضی میں متعدد ٹیکنالوجی بلاگز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے نئے فون سیٹس کی قیمت آئی فون 12 جتنی رکھی جائے گی۔ اسی دوران یہ خبر اطلاع سامنے آئی کہ ایپل کو سیمی کنڈکٹر مہیا کرنے والے ادارے ٹی ایس ایم سی نے اپنی چپ کی قیمت بڑھا دی ہے، جس کا اثر نئے فون سیٹس پر پڑے گا۔
اس پیشرفت کے بعد یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آئی فون 13 اور اس کے دیگر ماڈلز کی قیمت آئی فون 12 سے زیادہ ہو گی۔ تاہم حتمی قیمت کا تعین لانچ کے موقع پر ہی کیا جا سکے گا۔
آئی فون 13 میں پہلی مرتبہ امریکہ کے باہر کے صارفین کے لیے فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال کا آپشن دیا جانا بھی متوقع ہے۔

آئی فون 13 کے چاروں ماڈلز ایک ساتھ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

آئی فون 13 کی لانچ کا انتظار کرتے صارفین تک غیرمصدقہ ذرائع سے یہ اطلاع بھی پہنچی ہے کہ ایپل اس مرتبہ فون سیٹس کی بیٹری کی استعداد بہتر کرے گا جس کی وجہ سے کم وقت میں بیٹری ختم ہو جانے کا مسئلہ بھی کسی حد تک حل ہونے کی امید ہے۔

آئی فون 13 کے پری آرڈر اور دستیابی کب؟

ایپل کی جانب سے آئی فون 13 کے مختلف ماڈلز کے پیشگی آرڈر اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔ تاہم کچھ عرصہ قبل سامنے آنے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ پری آرڈر کا سلسلہ 17 ستمبر سے جب کہ فون سیٹس کی دستیابی 24 ستمبر سے متوقع ہے۔
 

شیئر: