ناسا کی خلائی گاڑی ’وائیجر ون‘ زمین سے ایک نُوری دن کے فاصلے پر، اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟
ناسا کی خلائی گاڑی ’وائیجر ون‘ زمین سے ایک نُوری دن کے فاصلے پر، اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟
بدھ 18 نومبر 2026 15:06
ناسا کے مطابق وائیجر ون انسان کی خلا میں بھیجی گئی اب تک کی سب سے دور پہنچنے والی خلائی گاڑی ہے (فوٹو: ناسا)
امریکی خلائی ادارے ناسا کی تقریباً نصف صدی سے خلا میں سفر کرنے والی خلائی گاڑی ’وائیجر ون‘ نے بدھ کے روز ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔ یہ خلائی گاڑی زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے پر پہنچ گئی ہے۔
ناسا کے مطابق وائیجر ونانسان کی خلا میں بھیجی گئی اب تک کی سب سے دور پہنچنے والی خلائی گاڑی ہے۔ اِس وقت یہ زمین سے تقریباً 26 ارب کلومیٹر (16 ارب میل) کے فاصلے پر موجود ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جو روشنی کا ایک ذرا 24 گھنٹوں میں طے کرتا ہے۔
ناسا کی سائنس دان ٹفنی کاتاریا نے اِس تاریخی کامیابی کو اِس بات کی بہترین مثال قرار دیا ہے کہ خلا کس قدر وسیع و عریض ہے۔
اُنہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اکثر دوسرے ستاروں کے نظاموں تک سفر کرنے کے خواب دیکھتے ہیں، لیکن وائیجر ون کو اپنے ہی نظامِ شمسی کی حدود تک پہنچنے میں تقریباً 50 برس لگ گئے، دوسرے ستاروں کے نظاموں تک پہنچنا تو بہت دور کی بات ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’اِس کے مقابلے میں ہمارے نظامِ شمسی سے باہر موجود سیاروں کے بیشتر نظام کم از کم کئی نوری سال کے فاصلے پر واقع ہیں۔‘
وائیجر ون اور اِس کی جڑواں خلائی گاڑی وائیجر ٹو کو سال 1977 میں خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ یہ دونوں اب تک وہ واحد خلائی گاڑیاں ہیں جو ستاروں کے درمیان پھیلی خلا تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اِس خلا سے مراد نظامِ شمسی سے باہر کا وہ وسیع خطہ ہے جہاں یہ دونوں خلائی گاڑیاں اب بھی اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں۔
زمین سے بھیجے گئے پیغامات کو وائیجر ون تک پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے لگتے ہیں، جب کہ وہاں سے جواب موصول ہونے میں بھی زمین پر موجود سائنس دانوں کو اتنا ہی وقت درکار ہوتا ہے۔
دونوں وائیجر خلائی گاڑیوں میں سونے کی تہہ چڑھی تانبے کی خصوصی ڈسکیں نصب ہیں، جنہیں ’گولڈن ریکارڈز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اِن ڈسکوں کا قطر 30 سینٹی میٹر (12 انچ) ہے اور انہیں اِس مقصد کے تحت تیار کیا گیا تھا کہ یہ اگر کبھی کسی خلائی مخلوق کے ہاتھ لگیں تو وہ اِن کے ذریعے ہماری دنیا اور انسانی تہذیب کے بارے میں جان سکے۔
ٹفنی کاتاریا کے مطابق بجلی کی بچت کے لیے وائیجر ون کے بعض آلات، جن میں کیمرے بھی شامل ہیں، زمین سے ہی بند کر دیے گئے ہیں، تاہم یہ خلائی گاڑی اب بھی ایسے مظاہر کا مطالعہ کر رہی ہے جو براہِ راست دکھائی نہیں دیتے، مثلاً مقناطیسی میدان۔
وائیجر ون اور اِس کی جڑواں خلائی گاڑی وائیجر ٹو کو سال 1977 میں خلا میں روانہ کیا گیا تھا (فوٹو: ناسا)
اِس خلائی گاڑی سے حاصل ہونے والا ڈیٹا اُن کی طرح کے دوسرے سائنس دانوں کو ستاروں کے درمیان موجود گیس، گردوغبار اور دیگر مادّے کا مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اِن میں سورج اور دوسرے ستاروں کے درمیان پھیلا ہوا مادّہ بھی شامل ہے۔
وائیجر ون اور وائیجر ٹو اِس سے قبل نظامِ شمسی کے بیرونی حصوں کی بھی کھوج لگا چکی ہیں، جہاں مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون جیسے دیوقامت سیارے موجود ہیں۔
ٹفنی کاتاریا کے مطابق وائیجر ون کی جانب سے مشتری کی لی گئی تصاویر نے پہلی مرتبہ اِس دیوقامت گیسی سیارے کے گرد حلقوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا۔ اِن تصاویر سے سائنس دانوں کو مشتری کے ماحول میں رونما ہونے والے گیس کے انتہائی طاقت ور گردابوں اور موسمیاتی مظاہر کو سمجھنے میں بھی مدد ملی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اِن دونوں خلائی گاڑیوں نے کائنات اور نظامِ شمسی کے بارے میں ہماری سائنسی سمجھ بوجھ میں بے شمار نئی راہیں کھولی ہیں اور اِن کی بدولت ہم بہت کچھ جاننے کے قابل ہوئے ہیں۔