Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آؤٹ لک سمیت مائیکروسوفٹ کی سروسز اچانک کیوں بند ہوئیں؟ وجہ سامنے آگئی

مائیکروسوفٹ نے سنیچر تک سروسز بحال کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین سے معذرت کی تھی (فائل فوٹو: گیٹی)
مائیکروسوفٹ نے گذشتہ ہفتے آؤٹ لک، ایکسچینج اور آفس 365 سمیت اپنی متعدد سروسز کی عالمی بندش کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کئی ماہ پرانا سوفٹ ویئر بگ، نیٹ ورکنگ نظام میں خرابی اور سرورز کی گنجائش میں کمی اس بڑے تکنیکی بحران کا سبب بنے۔
دی گارڈین کے مطابق کمپنی نے پیر کو جاری کی گئی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا کہ یہ تینوں مسائل بیک وقت پیش آئے، جس کے باعث قریباً 24 گھنٹے تک سروسز متاثر رہیں اور خرابی پر قابو پانا مشکل ہوگیا۔
مسئلے کا آغاز جمعرات کو امریکہ سے ہوا، جہاں صارفین نے آؤٹ لک ای میل اکاؤنٹس تک رسائی میں مشکلات کی شکایات کیں۔ اگلے روز یہ خرابی دنیا بھر میں پھیل گئی اور لاکھوں صارفین ای میل سمیت آفس 365 کی دیگر سروسز استعمال نہیں کر سکے۔
اس بندش کے باعث امریکہ میں بعض جیلوں میں قیدیوں کی رہائی کا عمل متاثر ہوا، ہسپتالوں کو کاغذی ریکارڈ پر انحصار کرنا پڑا، سکول والدین سے رابطہ نہ کر سکے جبکہ پولیس کے بعض محکموں کو جرائم سے متعلق رپورٹس موصول کرنے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔
مائیکروسوفٹ نے سنیچر تک سروسز بحال کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین سے معذرت کی تھی اور واضح کیا تھا کہ یہ واقعہ کسی سائبر حملے کا نتیجہ نہیں تھا۔
مائیکروسوفٹ میں کوپائلٹ، ایجنٹس اور پلیٹ فارم کے ایگزیکٹو نائب صدر چارلس لامانا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ خرابی کی ایک بڑی وجہ جولائی سے موجود سافٹ ویئر بگ تھا، جس نے اضافی دباؤ کے باعث کمپنی کے سرورز کو غیر فعال کردیا۔
ان کے مطابق مائیکروسوفٹ کے پاس عموماً دو ’نیٹ ورکنگ گیٹ ویز‘ ہوتے ہیں، جو مختلف نظاموں کے درمیان ڈیٹا کی ترسیل کے لیے داخلی اور خارجی راستوں کا کام کرتے ہیں، تاہم مائیکروسافٹ ٹیمز کے لیے ان میں سے ایک گیٹ وے کام نہیں کر رہا تھا، جس کے باعث تمام ٹریفک کا دباؤ دوسرے گیٹ وے پر منتقل ہوگیا۔
صورتِ حال اس وقت مزید خراب ہوئی جب ایک الگ تکنیکی مسئلے کے باعث کمپنی کے 14 فیصد سے زیادہ سرورز کی گنجائش بھی دستیاب نہیں تھی۔ اضافی ٹریفک اور سرورز کی کمی نے جولائی سے موجود سوفٹ ویئر بگ کو متحرک کردیا، جس کے نتیجے میں درخواستوں کا دباؤ بڑھتا گیا اور سرورز نے جواب دینا بند کردیا۔
چارلس لامانا کے مطابق یہ خرابی امریکہ میں انٹرنیٹ ٹریفک کے عروج کے وقت پیش آئی۔ سروسز بحال کرنے کی کوششوں کے دوران بھی مشکلات رہیں کیونکہ دوبارہ فعال ہونے والے سرورز پر زیر التوا درخواستوں کا دباؤ بڑھ جاتا اور وہ پھر غیر فعال ہوجاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ بنیادی سوفٹ ویئر خرابی کئی ماہ پرانی تھی، اس لیے حالیہ تبدیلی واپس لینے یا معمول کے خودکار طریقوں سے اسے فوری طور پر درست کرنا ممکن نہیں تھا۔
تاہم مائیکروسوفٹ نے واقعے کی مزید تفصیلات اور مستقبل میں ایسی خرابیوں سے بچاؤ کے اقدامات پر مشتمل حتمی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: