’جی ٹی اے 6‘ نے ریلیز کے پہلے روز کتنے ارب ڈالرز کا بزنس کیا؟
ریویوز پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد گیم کو ناقدین کی جانب سے تقریباً متفقہ طور پر سراہا گیا ہے (فائل فوٹو: گیٹی)
مشہور ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) نے ریلیز کے پہلے ہی روز ایک ارب 84 کروڑ ڈالر کی آمدن حاصل کر لی ہے، جس کے بعد اس نے عالمی باکس آفس پر فلم ’دی اوڈیسی‘ کی مجموعی کمائی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
گیمنگ انڈسٹری کے اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے ’سینسر ٹاور‘ کے جمعرات کو جاری کردہ تازہ تخمینوں کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی ریلیز کے پہلے روز ایک کروڑ 90 لاکھ 50 ہزار کاپیاں فروخت ہوئیں، جن سے مجموعی طور پر 1.84 ارب ڈالر کی آمدن ہوئی۔
اس کے مقابلے میں فلم ’دی اوڈیسی‘ نے جولائی میں ریلیز کے بعد دنیا بھر میں ایک ارب 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک صرف فلم ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے ’جی ٹی اے 6‘ سے زیادہ آمدن حاصل کی ہے، جس کا عالمی باکس آفس بزنس 2.5 ارب ڈالر رہا۔
تاہم تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ ’جی ٹی اے 6‘ رواں سال کے اختتام تک تین ارب ڈالر سے زیادہ کی فروخت حاصل کر سکتی ہے۔
سینسر ٹاور کے مطابق گیم کی مجموعی فروخت کا تقریباً 75 فیصد پلے سٹیشن جبکہ باقی 25 فیصد ایکس باکس کنسولز کے لیے ہوا ہے۔
ناقدین کی جانب سے بھی بھرپور پذیرائی
’جی ٹی اے 6‘ کے ریویوز پر عائد پابندی بدھ کو ختم ہونے کے بعد گیم کو ناقدین کی جانب سے تقریباً متفقہ طور پر سراہا گیا ہے۔
ریویو ایگریگیٹر ویب سائٹ میٹا کرٹک پر 147 ناقدین کے جائزوں کی بنیاد پر گیم نے 100 میں سے 99 سکور حاصل کیا ہے، جس کے باعث اسے ویب سائٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ حاصل کرنے والی گیم قرار دیا جا رہا ہے۔
گیمنگ ویب سائٹ آئی جی این کے ایک ناقد نے اسے اپنی زندگی کا سب سے متاثر کن ویڈیو گیم قرار دیا، جبکہ ’گیم سپاٹ‘ نے اسے اوپن ورلڈ گیمنگ میں ڈویلپر کی سابقہ کامیابیوں کا نقطۂ عروج قرار دیا۔
جی ٹی اے فرنچائز کی مجموعی فروخت 48 کروڑ کاپیاں
گیم کی مالک کمپنی ’ٹیک ٹو‘ کی تازہ ترین آمدنی رپورٹ کے مطابق جی ٹی اے فرنچائز کی مجموعی طور پر 48 کروڑ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں، جن میں سے 23 کروڑ 50 لاکھ کاپیاں صرف ’جی ٹی اے 5‘ کی ہیں۔
کمپنی نے تاحال ’جی ٹی اے 6‘ کی پری آرڈرز سے متعلق اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم گزشتہ ہفتے اپنی آمدنی رپورٹ میں کہا تھا کہ گیم کے پری آرڈرز ابتدائی توقعات سے کہیں زیادہ ہیں۔
دوسری جانب ویڈیو گیمز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود ’جی ٹی اے 6‘ کی فروخت میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ گیم کے سٹینڈرڈ ایڈیشن کی قیمت 80 ڈالر جبکہ اضافی فیچرز پر مشتمل الٹیمیٹ ایڈیشن کی قیمت 100 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری سے ستمبر تک ویڈیو گیم ہارڈویئر پر صارفین کے اخراجات 2.9 ارب ڈالر رہے، جو 2025 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہیں۔
نیویارک یونیورسٹی کے پروفیسر اور ویڈیو گیمز انڈسٹری کے تجزیہ کار جووسٹ وان ڈرونن کے مطابق ’جی ٹی اے 6 کی مقبولیت کے باوجود اس گیم سے کنسولز کی فروخت میں نمایاں اضافے کی توقع نہیں ہے۔‘
