واٹس ایپ کی آئی فون ایپ میں مزید تبدیلیاں، ’لیکوئڈ گلاس‘ ڈیزائن متعارف
واٹس ایپ کی آئی فون ایپ میں مزید تبدیلیاں، ’لیکوئڈ گلاس‘ ڈیزائن متعارف
منگل 17 نومبر 2026 14:23
وا بیٹا اِنفو کے مطابق نئے ڈیزائن کی فراہمی محدود بیٹا صارفین کے لیے شروع کر دی گئی ہے۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے اپنی ایپ کے ڈیزائن میں مزید تبدیلیاں متعارف کرانا شروع کر دی ہیں، جن کے تحت چیٹ انفارمیشن سکرین اور تصاویر و ویڈیوز ایڈٹ کرنے والے ٹول بار کو بھی ’لیکوئڈ گلاس‘ ڈیزائن دیا جا رہا ہے۔
واٹس ایپ کے نئے فیچرز پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’وا بیٹا اِنفو‘ کے مطابق یہ تبدیلیاں آئی فون کے آزمائشی ورژن میں سامنے آئی ہیں، جن کے ذریعے ایپ کے مزید حصوں میں شفاف اور شیشے جیسا ڈیزائن شامل کیا جا رہا ہے۔
نئے ڈیزائن کے تحت کسی فرد یا گروپ کی چیٹ کی معلومات کھولنے پر نام کے نیچے موجود مختلف بٹنوں کی شکل تبدیل ہو جائے گی۔
ان بٹنوں کے ذریعے صارفین کال کرنے، سٹیٹس اپ ڈیٹ بنانے، گروپ میں کسی کو شامل کرنے اور پیغامات تلاش کرنے جیسے کام کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب ان بٹنوں کو شفاف پس منظر دیا جا رہا ہے، جس سے ان کے پیچھے موجود مواد بھی جزوی طور پر دکھائی دے گا اور بٹنز سکرین پر تیرتے ہوئے شیشے جیسے نظر آئیں گے۔
اسی طرح تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے سے پہلے ان میں ترمیم کرنے والے ڈرائنگ ایڈیٹر کے ٹول بار کو بھی نئے ڈیزائن سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
اس میں تحریر شامل کرنے، تصویر پر کچھ بنانے، سٹیکرز لگانے اور تصویر کو تراشنے سمیت دیگر آپشنز موجود ہوتے ہیں۔
واٹس ایپ اس کے بعد سے اپنی آئی فون ایپ کے مختلف حصوں کو بھی اسی طرز پر تبدیل کر رہا ہے۔(فوٹو:وا بیٹا اِنفو)
واضح رہے کہ ایپل نے آئی او ایس 26 کے ساتھ ’لیکوئڈ گلاس‘ ڈیزائن متعارف کرایا تھا، جس میں شفاف سطحوں اور شیشے جیسے بصری اثرات کو نمایاں اہمیت دی گئی ہے۔
واٹس ایپ اس کے بعد سے اپنی آئی فون ایپ کے مختلف حصوں کو بھی اسی طرز پر تبدیل کر رہا ہے۔
اس سے قبل چیٹ لسٹ، ٹیب بار، نیویگیشن بار، پیغامات کے مینیو اور ویڈیو پلیئر میں بھی اس ڈیزائن کی جھلک شامل کی جا چکی ہے۔
وا بیٹا اِنفو کے مطابق نئے ڈیزائن کی فراہمی محدود بیٹا صارفین کے لیے شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ایپ سٹور سے دستیاب تازہ ترین ورژن استعمال کرنے والے بعض صارفین کو بھی یہ تبدیلیاں مل رہی ہیں۔
تاہم یہ اپ ڈیٹ مرحلہ وار جاری کی جا رہی ہے اور واٹس ایپ نے ابھی تمام آئی فون صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔