Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس میں پارلیمانی انتخابات، صدر پوتن کا پولیس اور فوجیوں کو نقد مراعات دینے کا حکم

صدر پوتن نے پارلیمانی انتخابات سے قبل نقد پیسے دینے کا حکم دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس میں پارلیمانی انتخابات سے قبل صدر ولادیمیر پوتن نے قانون نافذ کرنے والے افسران اور فوجی عملے کو دو دو سو ڈالر نقد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر پوتن نے آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل اپنی سیاسی جماعت ’یونائیٹڈ رشیا‘ کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے سرکاری افسران کو نقد مراعات دینے کا کہا ہے۔
اس سے قبل روسی پارلیمان کے ایوان زیریں ’دوما‘ کے ستمبر میں ہونے والے انتخابات سے بھی پہلے پنشنرز کو 135 ڈالر نقد دیے گئے تھے۔
روس میں مہنگائی اور تنخواہوں میں کمی کے باعث حکومتی جماعت یونائیٹڈ رشیا کی ریٹنگ متاثر ہوئی ہے۔
روس کے قانونی امور سے متعلق معلوماتی پورٹل میں بتایا گیا ہے کہ صدر پوتن نے حکم نانے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت ملٹری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ان کی ’سماجی حفاظت‘ کے لیے ستمبر میں 200 ڈالر دینے کا کہا تھا۔
رقوم کی نقد ادائیگی ایسے موقع پر کی گئی ہے جب حکومت بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے، جبکہ 2020 کے آخر سے صدر پوتن اپنی حکومت سے قیمتوں پر قابو پانے کا کہہ رہے ہیں۔
روس کے مرکزی بینک کے مطابق ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو 2014 کے بعد سب سے بلند سطح پر ہے۔
سنہ 2018 میں متنازع پینشن پلان کی منظوری کے بعد حکومتی جماعت یونائیٹڈ رشیا کی ریٹنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
خیال رہے کہ روسی پارلیمان کے ایوان زیریں ’دوما‘ کی 75 فیصد نشستیں حکومتی جماعت کے پاس ہیں۔
ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل روسی حکام نے اپوزیشن جماعتوں اور آزاد میڈیا اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا۔ 
روس میں حزب اختلاف کے جیل میں بند رہنما الیکسی نوالنی کی جماعت کو ’شدت پسند‘ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کر دی گئی تھی، جبکہ آزاد میڈیا اداروں کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دیا گیا ہے۔

شیئر: