Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عثمان مرزا کیس: عدالت نے شریک ملزم کی ضمانت منظور کرلی

ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے دوسرے ملزم فرحان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے (فائل فوٹو: اسلام آباد پولیس)
عدالت نے اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی کے ساتھ جنسی تشدد کیس کے مرکزی ملزم عثمان مرزا کے شریک ملزم ریحان حسین کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
بدھ کو اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے دوسرے ملزم فرحان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے کی۔ عدالت نے ملزم ریحان کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کیا۔
اس سے قبل ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع کردی گئی تھی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے ملزمان کی روبکار کے ذریعے کے حاضری لگائی، ملزمان کو روبکار کے ذریعے حاضری لگائے جانے کے بعد عدالت میں پیش نہیں کیا گیا تھا۔
پولیس بخشی خانہ سے ہی ملزمان کو واپس لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہو گئی۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر کچہری لایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سماعت پر عدالت نے حکم دیا تھا کہ ’پولیس 10 ستمبر تک مقدمے کا حتمی چالان عدالت میں جمع کرائے۔‘
اس سے قبل گذشتہ ماہ تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ’ملزمان نے وقتاً فوقتاً متاثرہ لڑکے اور لڑکی کو بلیک میل کر کے 11 لاکھ 25 ہزار روپے لیے ہیں۔‘
تفتیشی افسر کے مطابق ’یہ متاثرہ لڑکے کے گھر بندے بھیج کر پیسے منگواتے اور آپس میں بانٹ لیتے تھے جبکہ واقعے کے وقت بھی جو رقم چھینی گئی وہ ملزم ادریس کے گھر سے برآمد کرلی گئی۔‘
دوران تفتیش ملزمان کا کہنا تھا کہ ’وہ 11 لاکھ 25 ہزار روپے واپس دینے کو تیار ہیں۔‘ 

شیئر: