Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وباء نے تعلیم کا حق مزید اہم بنا دیا، عالمی یوم خواندگی

بنیادی انسانی حقوق کے لیے خواندگی کی ضرورت مزید بڑھ رہی ہے۔ (فوٹو سوشل میڈیا)
اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم کے حق کو بنیادی پالیسی کے طور پر برقرار رکھیں۔
عرب نیوز کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے بین الاقوامی خواندگی کے دن کی 55 ویں سالگرہ پر تعلیم کے لئے زیادہ سے زیادہ کوششوں کے لیے یہ دلیل دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ کورونا کی عالمی وباء نے تعلیم کے حق کو اور بھی اہم بنا دیا ہے۔

دنیا کی تقریباً نصف آبادی کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

انسانی حقوق کمیشن نے کہا کہ تعلیمی خدمات بڑھانے سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
کمیشن نے کہا ہے کہ کورونا وباء نے بامقصد خواندگی تک رسائی کی پہلے سے موجود عدم مساوات کو مزید بڑھایا ہے۔
رواں سال کے عالمی خواندگی کے دن کے موضوع انسانیت کی  بحالی کے لیے خواندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کمیشن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سماجی دوری کے اس دور میں بنیادی انسانی حقوق سے لطف اندوز ہونے کے لیے خواندگی کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے۔
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ  پڑھنے لکھنے کی مہارت انسانی صحت کی حفاظت سے متعلق معلومات اور وبائی امراض کے دوران معاش کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

تعلیمی خدمات بڑھانے سے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

انسانی حقوق کمیشن نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل تعلیم آج کی خواندگی کا لازمی حصہ بن رہی ہے جس کے بغیر تعلیم کے معیار کو مکمل طور پر حقیقت میں نہیں بدلا جا سکتا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے مطابق دنیا کی تقریباً نصف آبادی کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں۔
اس کے علاوہ شہری، دیہی اور صنفی تضاد  معاشی طور پر کم ترقی یافتہ ممالک میں ڈیجیٹل فرق کو کم کرنے کے لیے بڑی رکاوٹ ہے۔
حالیہ برسوں میں تعلیم کے حصول کو بڑھانے میں او آئی سی کے رکن ممالک کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کمیشن نے ان ممالک پر زور دیا کہ وہ  ایسی رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں تیز کریں۔

ڈیجیٹل خواندگی کی تقسیم کم کرنے کا مشن سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ معاشی انضمام اور مواصلات میں ترقی دنیا کو قریب لائے ہیں اور انسانی حقوق کو ایک متحد اخلاقی قوت کے طور پر تیزی سے تسلیم کیا گیا ہے۔
کمیشن نے مزید کہا کہ باہمی احترام اور ثقافتی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے معاشرے میں انسانی حقوق کو سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے بین الاقوامی برادری کو یاد دلایا ہے کہ ڈیجیٹل خواندگی کی تقسیم کم کرنے کا مشن دنیا بھر کے ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ترقی یافتہ ممالک کی تکنیکی اور مالی مدد کے بغیر مساوی طور پر ڈیجیٹل دنیا قائم نہیں کی جا سکتی۔
 

شیئر: