Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپیئن طلحہ طالب کو ’نوسرباز نے وفاقی وزیر کا پی اے‘ بن کر لوٹ لیا

جاپان میں منعقدہ حالیہ اولمپکس کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اولپمیئن طلحہ طالب سے گاڑی کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیا لیے گئے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ طالب کے والد محمد اسلام ناطق کا کہنا تھا کہ خود کو وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کا پی اے بتانے والے فرد نے وزارت کی جانب سے گاڑی تحفتاً دینے کی اطلاع دی اور ڈرائی پورٹ سے گاڑی حاصل کرنے سے قبل ساڑھے تین لاکھ روپے بینک اکاؤنٹ اور جاز کیش کے ذریعے حاصل کیے۔
گزشتہ ماہ اگست میں طلحہ طالب کے والد سے رابطہ کر کے وزارت کی جانب سے انعام میں گاڑی دلوانے کا جھانسہ دینے والے فرد نے اس دوران ایک اور فرد سے گفتگو کرائی جس نے اپنا تعارف وفاقی وزیر غلام سرور خان کے طور پر کرایا اور اولپمیئن کے والد کو بیٹے کی کارکردگی پر مبارکباد بھی دی۔
اولمپیئن کے والد کے مطابق ان سے رابطہ کرنے والے فرد نے جب وفاقی وزیر سے بات کرائی تو انہیں بتایا گیا کہ وزارت کی جانب سے بیٹے کی عمدہ کارکردگی کو سراہنے کے لیے ٹویوٹا گرینڈے گاڑی تحفتا دی جا رہی ہے۔
’ابتدائی گفتگو کے وقت طلحہ طالب اور میں وزیراعلی پنجاب کے دفتر میں موجود تھے، ہم نے وجہ بتا کر بعد میں بات کرنے کا کہا تو مذکورہ فرد نے تین گھنٹے بعد پھر کال کر کے اطلاع دی کہ آپ کو وزیراعلی وقت نہیں دے رہے ہیں۔ 16 اگست کو ابتدائی کال کے بعد 20 اگست کو دوبارہ رابطہ کرنے والے نے کہا کہ سمبڑیال ڈرائی پورٹ پہنچ کر گاڑی حاصل کر لیں اور اس سے قبل ڈی ایچ اے لاہور میں واقع ایک نجی بینک میں رقم جمع کرا دیں۔‘
طلحہ طالب کے والد کے مطابق ان کے چھوٹے بیٹے نے یہ رقم ٹرانسفر کی جس کے بعد سے خود کو وفاقی وزیر کا پی اے بتانے والے شخص کے رابطہ نمبر بند ہیں۔
محمد اسلام ناطق کے مطابق انہوں نے معاملے کی شکایت سٹیزن پورٹل پر کرائی جہاں سے انہیں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ان کی درخواست مزید کارروائی کے لیے سائبر کرائم سیل کو بھجوا دی ہے۔

طلحہ طالب کے والد نے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)

طلحہ طالب کے والد کی جانب سے دی گئی درخواست میں دھوکہ دینے والے فرد کی شناخت اور رابطہ کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون نمبر بھی درج کیے گئے ہیں۔
محمد اسلام ناطق کا کہنا ہے کہ ادا کردہ رقم کی رسیدیں اور کالز کا ریکارڈ بھی ان کے پاس موجود ہے۔ 
رواں برس جولئی میں منعقدہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 21 سالہ طلحہ طالب اگر چہ میڈل نہیں حاصل کر سکے تھے تاہم اپنی کارکردگی کی وجہ سے انہوں نے شائقین کھیل کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے بھرپور داد وصول کی تھی۔
گوجرنوالہ سے تعلق رکھنے والے طلحہٰ طالب پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کی بنیادی سہولیات اور پروفیشنل ٹریننگ نہ ہونے کے باوجود 67 کلوگرام کیٹگری میں 320 کلو وزن کی لفٹنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے تھے۔

شیئر: