Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے فائنل میں مدمقابل کھلاڑی کو شکست دے کر یونان میں ہونے والے تیسرے ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق فائنل مقابلے میں انعام بٹ نے آذربائیجان کے پہلوان کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ مقررہ وقت میں مقابلہ تین تین پوائنٹ سے برابر رہا تاہم آخری پوائنٹ انعام بٹ نے حاصل کیا تھا اس بنیاد پر انہیں فاتح قرار دیا گیا۔
قبل ازیں سیمی فائنل میں انعام بٹ نے نے یوکرین کے پہلوان کو 1۔3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
انعام بٹ نے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑی زمان انور کے ساتھ ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز میں ہم نے گولڈ کے ساتھ ایک تابنے کا میڈل جیتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سیریز میں کامیابی سپورٹ کے جتنے ادارے ہمیں سپورٹ کر رہے ہیں ان کی کوششوں کے بغیر ناممکن تھا۔‘
انہوں نے اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ، ریسلنگ فیڈریشن اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں  پاکستان کے زمان انور کو جارجیا کے پہلوان نے 0-1 سے ہرا دیا تھا۔ انہوں نے تابنے کا سکہ جیتا۔
بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کا تیسرا ایونٹ یونان میں کیٹرینی بیچ پر جمعہ کے روز شروع ہوا تھا، 90 کلوگرام کی کیٹیگری میں شامل پاکستان کے انعام بٹ نے  پہلے میچ میں آذربائیجان کے ریسلر ابراہیم یوسوباو کو شکست دی تھی اور دوسرے مقابلے میں انہوں نے لندن اولمپکس کے برانز میڈلسٹ جارجیا کے داتو مارساگشولی کو ہرایا تھا۔
انعام بٹ کی کامیابی کی خبر سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین نے جہاں انہیں سراہا وہیں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں مبارکباد بھی دی۔

دو ہفتوں کے دوران دو گولڈ میڈلز جیتنے پر شائقین کھیل نے انہیں مبارکباد دی تو انعام بٹ کو’لیجنڈ‘ قرار دیا۔

ویزہ مسائل کی وجہ سے فرانس میں ہونے والے پہلے ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہو سکنے والے انعام بٹ نے موجودہ ٹورنامنٹ سے قبل روم میں ہونے والے دوسرے ٹورنامنٹ میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔

شیئر: