Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں خوبصورتی کے لیے کروائی جانے والی سرجریز کے اشتہارات پر تنقید کیوں؟

سرجری کرنے والوں پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ لوگوں کو اس کے خطرات سے خبردار نہیں کرتے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چین کے اخبار پیپلز ڈیلی نے کہا ہے کہ ان اشتہارات کو روکنے کی ’فوری‘ ضرورت ہے جو لوگوں کو کاسمیٹک سرجری کرانے کے لیے راغب کر رہے ہیں کیونکہ ان میں سے کچھ کے دعوے جھوٹے ہیں۔
ملک کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی نے اپنے سرکاری اخبار کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ ’بس سٹاپ اور سب وے پر پوسٹر سے سماجی ویب سائٹس اور کانٹینٹ پلیٹ فارم پر تعارف تک، فلموں اور ٹی وی شوز پر چلنے والے اشتہارات سے لائیو سٹریمرز کی پروموشن تک، خوبصورتی کے لیے میڈیکل ٹریٹمنٹ کے اشتہار ہر جگہ موجود ہیں۔‘
اخبار پیپلز ڈیلی کا کہنا ہے کہ کچھ اشتہار خوش شکل ہونے کو ’اعلٰی معیار‘، ’تندہی‘ اور ’کامیابی‘ سے جوڑتے ہیں اور کہانیاں سناتے ہیں کہ ’پلاسٹک سرجری سے قسمت بدل جاتی ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کاسمیٹک سرجریز پر تنقید ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب چینی حکام نے کئی صنعتوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے، ان میں ٹیکنالوجی، تعلیم اور پراپرٹی کی صنعتیں شامل ہیں۔ حکام نے یہ اس لیے کیا ہے تاکہ سالوں کی ترقی کے بعد معیشت اور معاشرے پر قابو پایا جاسکے۔
ان سرگرمیوں سے متعلق سرمایہ کاروں کو خدشات ہیں کہ اب کس صنعت کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
اگست میں چین کی مارکیٹ کے لیے ہدایات کا مسودہ تیار کیا گیا تھا تاکہ ’خوبصورتی‘ کے لیے ہونے والی سرجریز کی صنعت کے اشتہارات کی قیمتوں کو قابو میں لایا جاسکے۔ ہدایات اس لیے بنائی گئی تھیں کیونکہ کہا جا رہا تھا کہ ان اشتہارات کی وجہ سے لوگوں میں اپنی شکلوں کو لے کر معاشرتی اضطراب پیدا ہو رہا ہے۔

چین میں سرجری کی صنعت کی جانچ پڑتال پر سرمایہ کار پریشان ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ چین میں چہروں پر پلاسٹک سرجری کا رجحان حالیہ سالوں میں بہت بڑھا ہے، کوئی آنکھیں بڑی کروانا چاہتا ہے تو کسی کو ناک اونچی کروانی ہوتی ہے۔
تاہم سرجری کرنے والوں پر تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ لوگوں کو اس کے خطرات سے خبردار نہیں کرتے۔
جولائی میں ایک 33 سالہ شخص کی غلط سرجری کہ وجہ سے ہلاکت ہو گئی تھی۔ ہلاکت لائپوسکشن کی وجہ سے ہوئی تھی، جس کے تحت جسم کے دیگر حصوں سے چربی ہٹائی جاتی ہے۔  
چائنیز ایسوسی ایشن آف پلاسٹک اینڈ ایستھیٹکس نے زنہوا نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چین میں پلاسٹک سرجری کی مارکیٹ 2022 تک ممکنہ طور پر 300 ارب یوان یا 46.54 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی۔

شیئر: