Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان کا اسلحہ پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

افغان طالبان نے ایک گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پاکستان سمگل کیا جا رہا تھا۔
گورنر قندھار کے دفتر کے میڈیا مرکز سے جاری بیان کے مطابق 'صوبہ ہلمند سے آنے والی ایک گاڑی کو خفیہ اطلاع پر جنوبی صوبے قندھار کے ضلع دامان میں پکڑا گیا۔ تلاشی لینے پر گاڑی سے مختلف اقسام کی بندوقیں اور 80 ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔'
بیان کے مطابق 'یہ اسلحہ پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔'
گاڑی کے ڈرائیور نے طالبان کو بتایا کہ 'وہ 25 ہزار پاکستانی روپے کی تنخواہ پر ڈرائیونگ کرتا ہے اور اپنی گاڑی میں موجود اسلحے سے لاعلم تھا۔'
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ افغان فورسز پسپا ہونے کے دوران امریکہ اور دیگر اتحادی ممالک کی جانب سے دیا گیا اربوں ڈالر کا اسلحہ بھی چھوڑ گئیں۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کے آنے کے بعد افغانستان میں اسلحے کا کاروبار بڑھ گیا ہے اور سمگلرز یہ اسلحہ ہمسایہ ممالک بھی سمگل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
طالبان نے اسلحے کے ساتھ ساتھ دیگر دھاتی مصنوعات بھی بیرون ملک لے جانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

شیئر: