Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں تمام تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھل جائیں گے: شفقت محمود

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھل جائیں گے۔
منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ کیا کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ملک میں تمام تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھل جائیں گے۔‘
کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں حکومت نے 15 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند کیے تھے۔ 
پیر کو حکومت نے دسویں اور بارہویں جماعت کے تمام طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ فیل ہونے والے طلبہ کو رعایتی 33 نمبرز دے کر پاس کیا جائے گا۔
وفاقی وزارت تعلیم کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ رعایتی نمبرز صرف فیل ہونے والے طلبہ کو ملیں گے۔ باقی میرٹ برقرار رہے گا۔
پیر کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والی بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا صورتحال کے باعث دوبارہ فوری امتحانات ممکن نہیں۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سال میں دو دفعہ ہوں گے۔
امتحانات کو سپلیمنٹری امتحانات کا نام نہیں دیا جائے گا۔
پنجاب کی حکومت نے کہا ہے کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز 16ستمبر سے کھولے جائیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے منگل کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’تمام نجی اور سرکاری سکول 16 ستمبر کو کھول دیے جائیں گے اور کسی بھی روز صرف 50 فیصد طلبہ کو سکول آنے کی جازت ہو گی۔ حکومت کی طرف سے بتائے گئے ایس او پیز پر عمل کریں۔‘

شیئر: