Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی چوتھی لہر اب کمزور، 18 اضلاع میں بندشوں میں نرمی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر میں کمی آئی ہے اور جن 24 اضلاع میں رواں ماہ کے آغاز پر بندشیں لگائی گئی تھیں ان میں سے 18 اضلاع میں صورتحال بہتر ہونے پر عائد پابندیاں ہٹائی جا رہی ہیں تاہم دیگر چھ اضلاع میں ان پابندیوں کی مدت میں 30 ستمبر تک توسیع کی جا رہی ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’اٹھارہ اضلاع میں بہتری نظر آ رہی ہے وہاں بندشوں میں نرمی لائی جا رہی ہے جبکہ باقی چھ اضلاع میں بندشیں برقرار رہیں گی۔ ان میں سے پانچ اضلاع پنجاب کے لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور گجرات جبکہ خیبر پختونخوا میں بنوں کا ضلع شامل ہے۔‘ 
وفاقی وزیر نے بتایا کہ محکمہ صحت کے نظام پر آج بھی دباؤ موجود ہے۔ ملک کے ہسپتالوں میں پانچ ہزار 300 مریض زیرعلاج ہیں اور گزشتہ چند ہفتوں آکسیجن کی مانگ میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ’صورتحال بہتر بھی ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم بھی نہیں ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چار ستمبر کو بندشیں عائد کی تھیں اور 15 ستمبر کو ختم ہونا تھیں۔ ان میں سے اٹھارہ اضلاع میں اب ملک کے دیگر علاقوں کی طرح صورتحال معمول پر چلی جائے گی۔‘
این سی او سی کے سربراہ نے بتایا کہ جن چھ اضلاع میں پابندیاں برقرار رہیں گی وہاں بھی بندشوں میں تین چار تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

اسدعمر نے بتایا کہ ویکسینیشن کے عمل میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

’بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کی مکمل بندش تھی اب ختم کر کے پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ وین اور بسیں چلانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ کھانے کے لیے آؤٹ ڈور وقت کا دورانیہ رات بارہ بجے کر دیا گیا ہے۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چھ اضلاع میں بندشوں کو 30 ستمبر تک توسیع دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا کی چوتھی لہر کمزور پڑتی جا رہی ہے۔
اسدعمر نے بتایا کہ ویکسینیشن کے عمل میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ بڑے شہروں کی 15 سال سے بڑی عمر کی آبادی کی مکمل ویکسینیشن کرنی ہے۔

شیئر: