Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کے ایک اور شہر میں کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ

ڈیلٹا ویریئنٹ کے تمام کیسز صوبہ فوجیان میں سامنے آئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوب مشرقی چین کے دوسرے شہر میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے کیسز میں دگنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گذشتہ ہفتے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے منگل کو کہا ہے کہ ’گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 59 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 102 ہو گئی ہے۔‘ یہ تمام کیسز چین کے شمالی صوبے فوجیان میں سامنے آئے ہیں۔
صوبہ فوجیان کے شہر شیامن میں بھی گذشتہ دو دنوں میں 33 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ 
صوبہ فوجین کے شہر پوٹیئن میں سب سے پہلے کورونا کے پھیلاؤ کا پتا چلا تھا جہاں مزید 59 کیسز سامنے آئے ہیں۔
شہر شیامن میں لاک ڈاؤن نافذ ہونے سے تفریحی مقامات اور فٹنس سینٹرز بند ہو گئے ہیں۔ گروپ میں سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جو خزاں کے وسط کے دوران ہونے والے میلے کے لیے منعقد ہونا تھیں۔ 
فوجیان صوبے میں شہروں کے درمیان چلنے والی بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
چین میں کافی حد تک کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود وقفے وقفے سے وائرس کے کیسز سامنے آتے رہتے ہیں۔
چین کے بیشتر صوبوں میں جولائی اور اگست میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں جس سے حکام میں تشویش پائی جاتی ہے۔

شیئر: