Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ اداکارائیں جو اپنے کیریئر کے عروج پر شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

حال ہی میں منال خان محسن احسن کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئی ہیں (فوٹو: منال خان انسٹاگرام)
ایک وقت تھا جب سمجھا جاتا تھا کہ اگر فلمی اداکاراؤں نے شادی کر لی تو ان کی مقبولیت میں کمی آ جائے گی لیکن اس کے باوجود کئی ایسی ہیروئنز رہی ہیں جنہوں نے اپنے کیرئیر کے عروج پر شادی کی اور ان کی شہرت اسی طرح قائم رہی۔
اس کی سب سے بڑی مثال میڈم نور جہاں اور زیبا بیگم  ہیں، اس کے علاوہ فلمسٹار انجمن نے بھی مبین ملک کے ساتھ کیرئیر کے عروج پر ہی شادی کی لیکن پھر بھی ان تمام اداکاراؤں کو مرکزی کردار ملتے رہے۔
اس کے باوجود شوبز انڈسٹری سے وابستہ خواتین فنکاروں کو یہ دھڑکا لگا رہتا تھا کہ کہیں شادی کے بعد انہین مین رولز ملنا بند نہ ہو جائیں یا فین فالوؤنگ میں کمی نہ آ جائے۔
اگرچہ  کئی ایسی فلمی جوڑیاں بھی رہی ہیں جو بعد میں حقیقی زندگی میں ہم سفر بنے، ان میں صبیحہ خانم اور سنتوش کمار، درپن نئیر سلطانہ ،زیبا محمد علی ، نغمہ، حبیب، سورتن لتا اور نذیر کا نام قابل ذکر ہے۔
 اسی طرح پی ٹی وی کے دور کی آن سکرین جوڑیوں کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ ساتھ کام کرتے ہوئے دو فنکاروں کی انڈرسٹینڈنگ ہوئی اور بعد میں انہوں نے ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
ان میں طاہرہ واسطی اور رضوان واسطی ،ضیا محی الدین اور ریحانہ صدیقی ،عابد علی اور حمیرا ،عابد  خان اور نگہت  و دیگر شامل ہیں۔

سجل علی اور احد رضا میر گذشتہ سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے (فوٹو: سجل علی انسٹاگرام)

لیکن ایک ایسا دور بھی آیا جب اداکاراؤں کو یہ لگنے لگا تھا کہ اگر انہوں نے شادی کر لی تو ان کا کیرئیر ختم ہو جائے گا اور پروڈیوسرز بھی شادی شدہ ہیروئنز کو کاسٹ کرنے سے ڈرتے تھے۔
بعض اوقات تو ایسا بھی ہوا کہ کچھ اداکاراؤں نے شادی کی مگر انہوں نے اسے خفیہ رکھا لیکن اب جہاں شوبز انڈسٹری میں بہت کچھ تبدیل ہو چکا ہے وہیں خواتین اداکاراؤں کی شادی کے حوالے سے خیالات بھی بدل گئے ہیں۔
اب ہم دیکھتے ہیں کہ ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارائیں اپنے کیریئر کے عروج پر شادی کے بندھن میں بندھ جاتی ہیں اور اس کے بعد بھی وہ لیڈ رول میں نظر آتی ہیں، اس کی بڑی مثال سجل علی، آئزہ خان اقراعزیز، سارا خان، حنا الطاف ،فریال محمود، ثنا جاوید اورمنشا پاشا ہیں۔
حال ہی میں منال خان محسن احسن کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئی ہیں اور ان کی تصاویر اور ویڈیوز ابھی تک سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہی ہیں۔ منال خان نے بھی ایسے وقت میں شادی کا فیصلہ کیا جب انہیں ایک کے بعد ایک پراجیکٹ مل رہا تھا۔

اداکارہ آئزہ خان دو بچوں کی والدہ ہیں لیکن آج بھی ڈراموں کے لیے وہ پروڈیوسرز کی اولین چوائس ہیں (فوٹو: عائزہ خان انسٹاگرام)

اداکارہ آئزہ خان نے بھی ’کیریئر کے پیک‘ پر دانش تیمور سے شادی کی اور اب وہ دو بچوں کی والدہ ہیں لیکن آج بھی ڈراموں کے لیے وہ پروڈیوسرز کی اولین چوائس ہیں۔
ماہرہ خان تو اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے ہی شادی شدہ تھیں لیکن انہیں نہ صرف مرکزی کردار ملے بلکہ انہوں نے بالی وڈ کنگ کے ساتھ بطور ہیروئین بھی کام کیا آج تک وہ مرکزی کرداروں میں ہی نظر آرہی ہیں۔
ماہرہ کی شادی صرف 23 سال کی عمر میں علی عسکری سے ہوئی تھی تاہم  یہ شادی زیادہ عرصہ چل نہ سکی اور ختم ہو گئی۔
اداکارہ  فاطمہ آفندی کی شہرت کی وجہ مقبول ڈرامہ سیریل “ کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی“ بنا اور وہ بھی اس کے فوراً بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئیں اور آج بھی ڈراموں میں نظر آتی ہیں۔
سائرہ یوسف نے کمرشل ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کی اور جب ان کا چہرہ سکرین پر زیادہ دیکھا جا رہا تھا، اس وقت انہوں نے شہروز سبزواری سے شادی کی تاہم اب دونوں کی راہیں جدا ہو چکی ہیں۔ اب سائرہ یوسف کی پھر سے شوبز انڈسٹری میں واپسی ہو گئی ہے۔

شیئر: