Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر شریف کو امریکہ کا ویزہ جاری، روانگی کے لیے ایئر ایمبولینس سے رابطہ

امریکی قونصل خانے نے بیماری کی وجہ سے عمر شریف کو انٹرویو سے استثنیٰ دیا (فائل فوٹو: پکسابے)
 معروف اداکار عمر شریف کو علاج کی غرض سے امریکہ جانے کے لیے امریکی قونصل خانے نے ویزہ جاری کردیا ہے، جس کی بعد ایئر ایمبولینس کے ذریعے جلد ہی انہیں دل کے عارضے کے علاج کے لیے واشنگٹن لے جایا جائے گا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے بتایا کہ 'بیماری کی وجہ سے امریکی قونصل خانے نے ان کے والد کو ویزہ انٹرویو کے لیے پیش ہونے سے چھوٹ دے دی تھی، جس پر وہ امریکی عہدیداروں کے شکر گزار ہیں۔'
انہوں نے بتایا کہ 'عمر شریف کے علاوہ قریبی گھر والوں کو بھی امریکہ کا ویزہ مل گیا ہے جس کے بعد ایئر ایمبولینس سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔'
جواد شریف نے مزید بتایا کہ 'کراچی میں دوران علاج عمر شریف کے دل کی شریان سے خون رسنے کی تشخیص ہوئی تاہم جسمانی کمزوری اور حالت کے باعث ان کی اوپن ہارٹ سرجری ممکن نہیں۔ امریکہ میں اس کا متبادل طریقہ علاج موجود ہے، جس کے لیے انہیں وہاں لے جایا جا رہا ہے۔'
'پاکستانی ڈاکٹروں نے میرے والد کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے سفر کی اجازت دے دی ہے، اور کہا ہے کہ سفر سے 24 گھنٹے قبل انہیں اطلاع دی جائے تاکہ وہ مریض کی منتقلی کے انتظامات کا عمل شروع کرسکیں۔'
جواد شریف نے بتایا کہ 'سندھ حکومت کے تعاون سے ایئر ایمبولینس کا بندوبست کیا جا رہا ہے، جو ایک سے دو دن میں ہو جائے گا، اس حوالے سے حکومتی سطح پر درخواست جمع کروائی جا چکی ہے۔'
عمر شریف کو واشنگٹن میں واقع ہسپتال لے جایا جائے گا، جس کے لیے معروف فلم سٹار ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے مدد کی ہے۔
جواد شریف نے اداکارہ ریما خان اور ان کے شوہر کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بدولت امریکہ میں ان کے والد کے علاج کا انتظام ممکن ہو سکا ہے۔

 عمر شریف جلد علاج کی غرض سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے واشنگٹن روانہ ہو جائیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ہسپتال سے اپنے والد کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہونے کے حوالے سے جواد شریف نے خاصی  ناراضی کا اظہار کیا اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ان کے والد کی پرائیویسی کا خیال رکھیں، اس حالت میں کسی بھی شخص کی تصویر لینا اخلاقی طور پر درست فعل نہیں، لوگ انہیں ہنستا ہنساتا دیکھتے آئے ہیں، اور ایسا ہی یاد رکھنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر کراچی اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی امریکی کونسل خانے کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عمر شریف کی ویزہ انٹرویو کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو قبول کیا اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی ویزہ جاری کیا۔
عمر شریف طبیعت ناسازی کے بعد گذشتہ ایک ہفتے سے مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، حکومت سے امداد کی اپیل سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت اور آرٹس کونسل کراچی کی جانب سے اقدامات کیے گئے، اور صدر آرٹس کونسل پاکستان احمد شاہ اور وزیرِ ثقافت سندھ سردار شاہ کی جانب سے عمر شریف کے علاج کی چار کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اس دوران آرٹس کونسل کے عہدے دار عمر شریف کے خاندان سے رابطے میں رہے اور انہوں نے جواد شریف کے ساتھ مل کر پریس کانفرنس بھی کی جس میں ساری صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔

شیئر: