Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان، پاکستانی ٹیم کو دعوت دینے کا خواہش مند

افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ ’وہ کرکٹ کے حوالے سےخطے کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ’وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز کے لیے افغانستان آنے کی دعوت دے گا۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے کہا کہ ’وہ آئندہ ہفتے پڑوسی ملک پاکستان ون ڈے سیریز کی دعوت دینے جائیں گے۔‘
جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان حالیہ عرصے میں بین الاقوامی کرکٹ میں تیزی سے ابھرا ہے۔ افغانستان کی ٹیم میں راشد خان جیسا دنیا کا ٹاپ سپنر بھی شامل ہے، لیکن طالبان کے  ملک پر کنٹرول کے بعد کرکٹ کا مستقبل غیر یقینی کا شکار نظر آتاہے۔
اے ایف پی کے مطابق طالبان نے خواتین کے کھیلوں سے متعلق ابھی تک کسی واضح پالیسی کا اعلان تو نہیں کیا لیکن ایک سینیئر طالبان عہدے دار نے اسے ’غیر ضروری‘ کہا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ ’وہ کرکٹ کے حوالے سےخطے کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں 25 ستمبر کو کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملنے کے لیے پاکستان جاؤں گا اور اس کے بعد انڈیا، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا۔‘
’میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے مل کر افغانستان میں پاکستان ٹیم کی میزبانی کی پیش کش کروں گا جو ستمبر میں سری لنکا میں کھیلی جانا تھی۔‘
خیال رہے کہ سری لنکا میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریر ہونا تھی جسے کورونا وبا کی وجہ سے سفری رکاوٹوں کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔
عزیراللہ فضلی کا کہنا تھا کہ ’ہم افغانستان کی کرکٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور یہ دیگر ممالک سے تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہو گا۔‘

شیئر: