Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ ٹیم کی وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات

پاکستان کرکٹ ٹیم نے اسلام آباد میں وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ وزیرِاعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں عمران خان نے کھلاڑیوں کو کامیابی کے لیے مختلف ٹپس بھی دیں۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کے علاوہ معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر شریک تھے۔
ملاقات کا آغاز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے تعارف سے ہوا۔
وزیرِاعظم نے کھلاڑیوں سے اپنے کرکٹ کیریئر کے تجربات شیئر کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’آپ کو ٹیم اور قوم کے لیے کھیلنا ہے۔‘
’میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔ آپ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ میں ٹیم سپرٹ ہونا چاہیے۔ وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کے لیے کھیلے۔‘
’ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں۔ پریشر میں پریشان ہونے کے بجائے پریشر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’وکٹ حاصل کرنے پر کام کریں۔ رنز روکنا اور وکٹ حاصل کرنا دو علیحدہ تکنیکیں ہیں۔‘
وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ’محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں۔ پوری قوم کی آپ سے امیدیں وابستہ ہیں۔‘
’آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔ پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں اور وہ آپ کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے۔‘
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ’انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔ کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے۔‘
ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’اپنے ہیرو وزیراعظم پاکستان سے ملنا میرے لیے ہمیشہ متاثرکن رہا ہے۔ پاکستان زندہ باد۔‘

شیئر: