Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو امریکی شہر نیو یارک میں ہونے والی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کہ جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
شاہ محمود قرشی نے سعودی وزیر خارجہ کے جولائی میں کیے گئے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر بڑھتے ہوئے باہمی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مستحکم اور پر امن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ناگزیر ہے۔ 
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال خراب ہوئی تو اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔
ییان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو کشمیر میں انڈین قابض افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور  انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: