Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ ملک جس کا دعویٰ ہے کہ وہاں کورونا کا کوئی مریض نہیں

قربان قلی بردی محمدوف ترکمانستان پر سنہ 2006 سے حکومت کر رہے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
عالمی وبا کورونا کو پھیلے تقریباً دو برس ہونے کو آئے ہیں مگر دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں تاحال وائرس کا کوئی ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق ترکمانستان میں حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہاں کے شہری عالمی وبا کے اثرات سے بچے ہوئے ہیں۔
سابق سوویت ریاست ترکمانستان کی آبادی 60 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور دنیا کے کم سے کم ان پانچ ملکوں میں شامل ہے جہاں حکام نے تاحال کوئی ایک بھی کورونا کیس رپورٹ نہیں کیا۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی اور عالمی ادارہ صحت کے ڈیٹا کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ ترکمانستان کے علاوہ  بحرِاوقیانوس میں واقع تین جزائز اور شمالی کوریا جہاں سخت گیر سرکاری نظام ہے ایسے علاقے ہیں جہاں سے کورونا کی وبا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا گیا۔
ترکمانستان میں سخت تسلط رکھنے والے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اپنے ملک میں وبا کی رپورٹس کو ’جعلی‘ قرار دیا اور کہا کہ وبا کے خلاف اقدامات کو ’سیاست زدہ‘ نہ کیا جائے۔
قربان قلی بردی محمدوف ترکمانستان پر سنہ 2006 سے حکومت کر رہے ہیں۔
ترکمانستان سے باہر رہنے والی آزاد تنظیموں، صحافیوں اور کارکنوں نے کہا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ اس ملک میں اس وقت وبا کی تیسری لہر جاری ہے اور ہسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں جہاں درجنوں افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔
ان تنظیموں کی رپورٹس کے مطابق ترکمانستان کے صدر اپنے عوامی امیج کو برقرار رکھنے کی کوشش میں تباہ کن وائرس کے خطرے کو کم کر کے پیش کر رہے ہیں۔

شیئر: